سابق کرپٹ حکمرانوں نے لوٹ مارسے جیبیں بھریں اندھیرے دور ہونے کی گھڑی آگئی:شہباز شریف

Jul 10, 2017

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں اندھیروں سے روشنیوں کی جانب سفر طے ہونے کو ہے اور ملک میں دو دہائیوں سے چھائے اندھیرے دور ہونے کی گھڑی آگئی ہے۔ قوم بجلی کے بحران کے خاتمے کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے تاریخی کارنامے کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور توانائی منصوبوں کی برق رفتاری اور شفافیت سے تکمیل کے حوالے سے نواز شریف کے تاریخی کردار کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا۔ مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ملک بھر میں توانائی کے منصوبے تیزرفتاری سے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ 1320میگاواٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ 22ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔ بھکھی گیس پاور پلانٹ سے بھی ریکارڈ مدت میں بجلی کی پیداوار شروع ہوچکی ہے جبکہ حویلی بہادر شاہ گیس پاور پلانٹ کے پہلے مرحلے میں 760میگاواٹ بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی ہے اور قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 400میگاواٹ کے بجلی کے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، بلاشبہ بجلی کے منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل کے عالمی ریکارڈ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے جب اقتدار سنبھالا تو توانائی کا مسئلہ بہت گھمبیر صورت اختیار کرچکا تھا‘ غربت، افلاس، بے روزگاری اور بجلی کے اندھیرے سابق حکمرانوں کی کرپشن کے تحفے ہیں۔ سابق کرپٹ حکمرانوں نے قومی وسائل کی لوٹ مار کر کے اپنی جیبیں تو بھریں لیکن بجلی بحران کے خاتمے پر کوئی توجہ نہ دی۔نندی پور پاورپلانٹ بھی انہیں لٹیروں کی ہوس زر کا شکار ہوا۔ سابق حکمران وسائل کی لوٹ مار کی بجائے بجلی بحران کے خاتمے پر توجہ دیتے تو شاید ملک اندھیروں میں نہ ڈوبتا۔ ایک طرف وسائل کی لوٹ مار کرنے والے سابق حکمران ہیں تو دوسری طرف منفی طرز سیاست سے قوم کی مشکلات بڑھانے والے عناصر ہیں‘ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے اور ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوںکو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی‘ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والے آج سی پیک بنانے کے جھوٹے دعویدار بن بیٹھے ہیں۔ وسائل کی لوٹ مار اور دھرنوں کی آڑ میں پاکستان کی معیشت کیساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا گیا۔ پاکستان کی قسمت کے ساتھ سفاک کھیل کھیلنے والے کسی صورت عوام کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ ان عناصر نے عوام کے مسائل میں اضافہ کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔انہوں نے کہا چین کا اربوں ڈالر کا تاریخ ساز اقتصادی پیکیج وزیراعظم نوازشریف کی قیادت اورپالیسیوں پر اظہار اعتماد ہے۔ 36ارب ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے منصوبوں میںکی جاری ہے۔ چین کی بے مثال سرمایہ کاری کے تحت پاکستان بھر میں کوئلے، شمسی، ہائیڈل اور دیگر ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبے لگ رہے ہیں اور بجلی کے کارخانے مکمل ہونے سے پاکستان کی پیاسی دھرتی کو توانائی مل رہی ہے۔ بجلی بحران کے خاتمے سے اندھیروں میں بھٹکتی قوم کے خوابوں کو تعبیر ملے گی۔ بجلی نہ ہونے کے بنا پر ہزاروں لوگوں کے روزگار کے بند دروازے توانائی بحران کے خاتمے سے کھلیں گے۔ شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جنرل الیکٹرک کمپنی کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر اینڈریو جان لیمس اور ان کی ٹیم کے ارکان نے شرکت کی۔ اینڈریو جان لیمس اور ان کی ٹیم نے ریکارڈ مدت میں بھکھی اور حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹس سے بجلی کے حصول پر شہبازشریف اور وفاقی حکومت کو مبارکباد دی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا موجودہ حکومت نے توانائی منصوبو ںکی تکمیل کیلئے دن رات کام کیا ہے اور گیس منصوبے لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں ممد و معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ شہباز شریف نے شہرہ آفاق عالمی فٹ بالرز کی پاکستان کے دل لاہور آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے ہم اپنے مہمانوں کی دل سے قدر کرتے ہیں اور انہیں محبتوں اور روایتوںکی تاریخی سرزمین لاہور آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز خصوصاً برازیل کے رونالڈینیو کی لاہور آمد باعث اعزاز ہے۔ بین الاقوامی فٹ بالرز کی پاکستان آمد سے اقوام عالم میں پاکستان کا مثبت تاثر اُجاگر ہوا ہے اور پی ایس ایل کے لاہور میں کامیاب فائنل کے انعقاد کے بعد عالمی فٹ بالرز کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا پاکستانی امن پسند قوم ہے جو کھیلوں سے گہری رغبت رکھتی ہے‘ دہشتگرد اور ملک دشمن عناصر ہمارے تشخص اور روایات کو مسخ نہیں کر سکتے۔ پاکستان امن اور محبتوں کی سرزمین ہے اور یہاں دہشتگردوں اور شرپسندوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ شہباز شریف نے سینئر صحافی، ہدایت کار و ڈرامہ نگار آصف علی پوتا کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے۔

مزیدخبریں