رونا لڈینو ٹیم نے دوسرا میچ ، سیریز جیت لی ، پاکستان محفوظ ملک ہے : عالمی فٹبالرز

Jul 10, 2017

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) لیئر لیگ کے زیراہتمام رونالڈینو الیون اور گگز الیون کے درمیان دوسرا میچ لاہور میں کھیلا گیا جس میں رونالڈنیو الیون نے گگز الیون کو دو صفر سے مات دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے پہلا گول ریاض جبکہ دوسرا حسن نے کیا۔ اس سے قبل رونالڈینو اینڈ فرینڈز کو سخت سکیورٹی میں علامہ اقبال ائرپورٹ سے مال روڈ پر واقع ہوٹل میں لایا گیا جہاں پہلے سے پاکستان کے کھلاڑی موجود تھے۔ اس موقع پر رونالڈینو نے کہا پاکستان آ کر بہت خوشی ہوئی یہاں کے کھلاڑیوں اور شائقین میں فٹبال کی دلچسپی دیکھ کر متاثر ہوا ہوں۔ پاکستانی کھلاڑی اور کوچر محنت کریں تو دنیا میں نام کما سکتے ہیں۔ رائن گگز نے کہا پاکستان میں ہماری اچھی مہمان نوازی کی گئی جس پر ہم مشکور ہیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے کیونکہ ایک میچ سے یہ نہیں کہا جا سکتا پاکستان کے پاس کیسے کھلاڑی ہیں۔ اس موقع پر رابرٹ پریز نے کہا پاکستان میں اچھے کوچز اور اکیڈمیز سے ملک میں فٹبال کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ ہم سب فٹبال ممالک سے ہیں لیکن دیکھا گیا ہے پاکستان میں کرکٹ کو زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ پاکستان کا دورہ کرنے والے بین الاقوامی فٹبالرز میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا دنیا کو پیغام دیا ہے پاکستان محفوظ ملک ہے۔ رائن گگز نے کہا پاکستان کی مہمان نوازی سے بہت خوش ہیں۔ پاکستان محفوظ ملک ہے یہ دنیا کیلئے پیغام ہے۔ پاکستان ایک بہترین ملک ہے۔ ہفتہ کے روز پاکستان میں پہلی بار کھیل کر اندازہ ہوا یہاں فٹبال کا بہت ٹیلنٹ ہے۔ پاکستان کی عوام کرکٹ کے ساتھ فٹبال سے بھی بہت محبت کرتی ہے۔ اب پاکستان فٹبال کے حوالے سے بھی پہچانا جائے گا۔ انہوں نے ”پاکستان زندہ باد“ کا نعرہ بھی لگایا۔ عالمی فٹبالر نے کہا پاکستان میں فٹبال کے بہترین کوچ پائے جاتے ہیں۔ پاکستان کے عوام نے ہمارا والہانہ استقبال کیا۔ رونالڈینو نے کہا پاکستان میں فٹبال کا بہت ٹیلنٹ پایا جاتا ہے۔ امید ہے پاکستان میں اب فٹبال کے کھیل کو بھی شہرت ملے گی۔ نیٹ نیوز کے مطابق لاہور میں میچ سے قبل رونالڈینو اور رائن گگز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان میں کرکٹ مقبول کھیل ہے تاہم فٹبال کی مقبولیت حوصلہ افزا ہے‘ خاص طور پر نئی نسل دنیا کے سب سے بڑے کھیل کی دلدادہ ہے۔ یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی پر وہ بہت خوش ہیں۔ کراچی اور لاہور میں ہونے والے میچ دنیا کیلئے پیغام ہیں۔ رونالڈینیو نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں مداحوں کو بہترین موقع فراہم کرنا چاہتے ہیں، وہ نوجوانوں کو فٹ بال کی جانب راغب کرنے کے لیے خیرسگالی کے دورے پر ہیں، سکیورٹی معاملات بہتر ہوگئے ہیں آئندہ مزید بین الاقوامی فٹ بالرز کو پاکستان دورے کےلئے رضامند کروںگا،اپنے پیغام رونالڈینیو نے پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری پذیرائی اور عزت افزائی پر میں آپ کا مشکور ہوں۔ وہ اس ملک میں جہاں سکیورٹی کی بہتری کے بعد مزید بین الاقوامی سٹارز کو دورے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے وہاں پر ایک بہترین موقع فراہم کرناچاہتے تھے۔سٹار فٹبالر رنالڈینو نے کراچی کے میدان میں عظمت علی کے ساتھ نغمے پر رقص کر کے شائقین کے دل جیت لیے،کراچی کے عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم میں رونالڈینو الیون اور گگز الیون کے درمیان میچ کے بریک میں پاکستان کے مایہ ناز گلوکار عظمت علی گرانڈ میں آئے اور خون کو گرما دینے والا چھو لو آسماں نغمہ گایا جس پر دیگر سٹار کھلاڑی بھی خود کو روک نہیں پائے اور میدان میں آ کر رقص کیا جبکہ اس دوران رونالڈینو سرفہرست رہے اور شائقین کو خوب محظوظ کیا اور اس موقع پر چاچا کرکٹ بھی میدان میں موجود تھے۔ میچ دیکھنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی اور حسن علی بھی خصوصی دعوت پر وہاں پہنچے، سابق اولمپیئن طاہر زمان بھی اپنی فیمیلی کے ساتھ میچ دیکھنے کے لیے آئے۔ میچ کو دیکھنے کے لیے فیمیلز بڑی تعداد میں فورٹریس پہنچی جنہوں نے دنیا کے سٹار کھلاڑیوں کو اپنے سامنے کھیلتے دیکھا۔ عالمی فٹبال ستاروں کی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، روٹ پر پاک فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ فورٹریس سٹیڈیم جانیوالے راستوں پر شائقین کیلئے آگاہی بینرز آویزاں کےے گئے تھے۔ لاہور ائیرپورٹ سے ہوٹل تک سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے سڑکوں پر جگہ جگہ پاک فوج اور پولیس کی اضافی نفری تعینات رہی علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے ہوٹل تک جیمرز بھی لگا دیئے گئے رینجرز، پولیس اور ڈولفن فورس کے جوان مال روڈ پر گشت کر تے رہے ہےں۔ ان کے ہوٹل کے اندر باہر اور سٹیڈیم کے جانے والے راستوں میں سکیورٹی کے چاک و چوبند اہلکار تعینات کیئے گئے تھے جبکہ سٹیڈیم میں سیکورٹی انتہائی سخت تھی ۔

مزیدخبریں