لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے انکشاف کیا کہ وہ متعدد بار عمدہ پرفارمنس کے باوجود بھی قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے اور اس کا ذمہ دار کمزور فرسٹ کلاس سسٹم ہے جسے مضبوط بنانے کیلئے ہمیں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ آئی سی سی ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس سے پاکستان کرکٹ کو نیا ولولہ ملا ہے اور اب قوم کی امیدیں زیادہ وابستہ ہوگئی ہیں نوجوان کھلاڑیوں کو تسلسل کیساتھ اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنا ہو گا۔ لندن جانے سے قبل سب کا خیال تھاکہ اگر سیمی فائنل تک رسائی ہو گئی تو یہ بہت بڑا کارنامہ ہوگا۔ آئی سی سی کے آٹھویں درجے کی ٹیم کے لئے ایونٹ جیت لینا کسی خواب سے کم نہیں، سری لنکا کیخلاف فتح نے سیمی فائنل تک رسائی کا موقع فراہم کیا جس کے بعد تمام دباﺅ ختم ہو گیا ،ہم نے وہ حاصل کیا جس کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو چیمپئن ٹرافی کا تاج سر پر سجانے کا مرحلہ کبھی نہیں بھول سکتا جس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ایونٹ کے ناک آﺅٹ مرحلے میں ہم نے روایتی حریف بھارت سے چیمپئن ٹرافی چھین لی۔