کراچی (اسپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے زیر اہتمام پہلا سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ 23تا29ستمبر پُرتگال کے شہر لسبن میں کھیلا جائے گا۔ جس میں 32ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ورلڈ کپ میںپاکستان کی نمائندگی کا اعزاز گذشتہ دنوں کراچی میں منعقد ہونے والی لیثررلیگس نیشنل چمپئن شپ کی فاتح لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو(آئی کین اینڈ وِل)کو حاصل ہوا ۔جس نے فائنل میں پشاور کی شنواری ایف سی کو ٹائی بریکر پر شکست دی تھی۔ جسے گروپ ’بی‘ میں رشیا، اسپین اور مالڈوا کے ہمراہ رکھا گیا ہے۔ آئی ایس ایف کے نائب صدر شاہزیب محمود ٹرنک والا نے سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کو اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کو عالمی سطح کے ایونٹ میں براہ راست شرکت کا اعزاز حاصل ہونے جارہا ہے۔ورلڈ گروپ کے چیئرمین محمود ٹرنک والا نے لیثررلیگس کے چیف آپریشن آفیسر اسحاق شاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کھیل کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے۔ منیر محمود ٹرنک والا اور انس محمود ٹرنک والا نے بھی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم کی کامیابی کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔لیثررلیگس کے سی اواواسحق شاہ نے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو کو ایک مضبوط ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کی ٹیم اپنی عمدہ کارکردگی سے نہ صرف لاہور کی چمپئن قرار پائی تھی بلکہ حالیہ نیشنل چمپئن شپ میں بھی ناقابل شکست رہتے ہوئے قومی چمپئن ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔کپتان آئی سی اے ڈبلیو آفاق احمد نے کہا کہ ہم اپنی پوری تیاری کے ساتھ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پرتگال جائیں گے ۔ہم اپنے گروپ میں موجود روس اور اسپین کی ٹیموں کو شکست دے کر دنیا کو حیران کرنے کیلئے پُرعز م ہیں۔سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں بھارت کی ٹیم بھی موجود ہے جسے گروپ ’جی‘ میں جرمنی ، کروشیا اور انگولا کے ہمراہ رکھا گیا ہے۔ دیگر گروپ میں گروپ ’اے‘ ُپرتگال، پیراگوئے، ترکی، یونان، گروپ ’سی‘ بیلجئم، چائنا، ویلز، اسکاٹ لینڈ، گروپ ’ڈی‘ فرانس، الجیریا، کینیڈا، آئرلینڈ، گروپ ’ای‘ انگلینڈ، یوایس اے، قازقستان، سلوواکیہ، گروپ ’ایف‘ برازیل، مصر، بلغاریہ، لاٹویا اور گروپ ’ایچ ‘پولینڈ، تنسیا، اومان اور سلووینیا کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔ہر گروپ کی 2ٹاپ ٹیمیں پری کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔29ستمبر کو ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔