لندن (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ ہر طرح کے حالات میں وطن واپسی کا فیصلہ کر چکے ہیں کیونکہ قوم کو ان کی ضرورت ہے، احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد نوائے وقت/ نیشن کو دیئے گئے اپنے پہلے رسمی انٹرویو میں نواز شریف نے کہا کہ عوام پوری طرح بیدار ہو چکے ہیں، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ گھر گھر پہنچ چکا ہے اور 25 جولائی کو جیپوں والوں اور کٹھ پتلیوں کو عبرتناک شکست ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے موثر حلقوں کی طرف سے مسلسل یہ پیغامات پہنچائے جا رہے ہیں کہ میں وطن واپس نہ آ¶ں، لندن ہی میں رہوں اور یہ کہ میری اپیل کے معاملات طے کر لئے جائیں گے لیکن میں اس طرح کی پیشکشوں سے بغاوت کرنے کے بعد اب پیچھے نہیں جا سکتا۔ اپنے پروگرام کی تفصیل بتاتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وہ اور مریم لاہور ائرپورٹ پر اتریں گے جہاں وہ اپنے استقبال کیلئے آنے والے ہجوم سے خطاب کریں گے اور اس کے ساتھ ہی گرفتاری دینے کیلئے ٹھوکر نیاز بیگ میں نیب کے دفتر روانہ ہو جائیں گے۔ انتخابات کے امکانات کے بارے میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے لوگ مسلم لیگ (ن) کی تاریخ ساز فتح کا فیصلہ کر چکے ہیں، انشاءاللہ مسلم لیگ (ن) کو ایسی فتح ملنے جا رہی ہے جس کا ہمارے مخالفین تصور بھی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی کوشش کی گئی تو اس کے بڑے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ اپنی اہلیہ کی بیماری کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وہ ابھی تک ہوش میں نہیں آئیں اور وینٹی لیٹر پر ہیں، میں چاہتا تھا کہ ان کو ہوش میں دیکھ لوں لیکن سزا سنائے جانے کے بعد اب میں یہاں نہیں رک سکتا۔ نواز شریف نے کہا کہ میں نے ”ووٹ کو عزت دو“ کا جھنڈا اٹھایا ہے اور ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہوں۔ مجھے ڈرانے اور دھمکیاں دینے والے نہیں جانتے کہ جو اللہ سے ڈرتا ہے وہ کسی سے خوف نہیں کھاتا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے نوائے وقت اور نیشن کو دیئے گئے انٹرویو کی مکمل تفصیلات قارئین کل ملاحظہ کر سکیں گے۔
نواز شریف
لندن رکنے کے پیغامات مل رہے ہیں‘ ہر حال میں پاکستان آﺅں گا : نوازشریف
Jul 10, 2018