نوازشریف ملک کیلئے واپس آ رہے ہیں‘ انتظامیہ شہریوں کے راستے میں رکاوٹ نہ ڈالے : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران) شہباز شریف کی عام انتخابات 2018کی تیاریوں کے سلسلے میں انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے، شہباز شریف نے ننکانہ صاحب میں ایک بہت بڑا جلسہ کیا، راستے میں مسلم لیگ (ن) کے صدر کا فیض پور انٹر چینج پر پرتباک استقبال ہوا، مسلم لیگی کارکنوں نے شہباز شریف کی گاڑی پر گل پاشی کرتے ہوئے زبردست نعرے بازی کی، سابق وفاقی وزیر رانا تنویر بھی استقبال کے لئے موجود تھے، فیض پور انٹرچینج سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ریلی شہباز شریف کے ساتھ ننکانہ کی جانب روانہ ہوئی۔ شہباز شریف ٹامکے پہنچے تو وہاں بھی ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ کارکنان کی جانب سے شیر آیا شیر آیا اور وزیر اعظم شہباز شریف کے نعرے لگائے گئے جبکہ مسلم لیگی ترانوں پر کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے۔ ننکانہ جلسے کے آغاز میں شہباز شریف کے دور حکومت میں ننکانہ میں کیے گئے ترقیاتی کاموں پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ سردار سرجیت سنگھ نے سکھوں کی جانب سے شہباز شریف کو کرپان اور سروپا کا تحفہ پیش کیا۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ کارکنوں کا جذبہ قابل دید ہے اور یہ جذبہ مسلم لیگ (ن) کی جیت کا اعلان کر رہا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) ترقی کا نشان ہے، ننکانہ میں نواز شریف کے شاہینوں کوسلام پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ ننکانہ والو ننکانہ میں تین ن لگتے ہیں اس لئے مسلم لیگ (ن) کو تین گنا زیادہ ووٹ سے کامیاب کرانا ہے، ننکانہ کے سکھ بھی قابل فخر پاکستانی ہیں۔ نواز شریف مریم کے ساتھ 13 جولائی کو لاہور آرہے ہیں ہمیں ان کا تاریخی استقبال کرنا ہے، آپ سب نے لاہور ائر پورٹ ضرور پہنچنا ہے، آپ لوگوں نے پر امن رہنا ہے، ہم توڑ پھوڑ پر یقین رکھنے والی جماعت نہیں ہیں، توڑ پھوڑ وہ کرتے ہیں جو دھرنے دیتے ہیں ہڑتالیں کرتے ہیں، شہباز شریف نے کہا کہ میں انتظامیہ اور پولیس سے درخواست کرتا ہوں کہ ہم پر امن لوگ ہیں، ہم نے پاکستان کو بنایا ہے، مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے جیالوں کو نہ روکا جائے، ہم پاکستان کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتے، اس لئے نواز شریف کا پرامن استقبال کریں گے اور ایک اینٹ بھی نہیں ٹوٹے گی، نواز شریف اس مٹی کا بیٹا ہے اس نے ملک میں ایٹمی دھماکے کئے، گیارہ ہزار میگاواٹ کے بجلی کے پلانٹ لگائے گئے ہیں، لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کر دیے۔ جو کئی سو ارب کھا گئے وہ جلسوں میں شور مچا رہے ہیں اور جنہوں نے ملک کی خدمت کی نیب ان کے پیچھے ہے، ایسے نہیں چلے گا۔ پاکستان نوازشریف کی پہلی محبت ہے، وہ پاکستان کی محبت میں اپنی اہلیہ کو زندگی اور موت کی کشمکش میں چھوڑ کر جیل جانے کے لیے پاکستان آرہے ہیں۔ الزام خان جھوٹا خان کہتا تھا کہ کے پی کے میں ہی نہیں پورے ملک کی بجلی بنائیں گے، میں پوچھتا ہوں کہاں ہے وہ بجلی کہاں بیٹھی ہے خان جواب دو، پشاور میں ڈینگی آیا تو جھوٹا خان نتھیا گلی کے پہاڑوں پر سیر سپاٹے پر نکل گیا، ہم نے ایمبو لینسز بھیج کر پشاور والوں کی مدد کی، عوام جھوٹے خان کی اصلیت جان چکی ہے، انہوں نے کہا کہ ایسا جھوٹا شخص وزیر اعظم تو کیا کسی حلقے کا چیئرمین بھی نہیں ہونا چاہیے، اگر یہ غلطی سے وزیر اعظم بن گیا تو یہ پنجاب کو بھی کے پی کے کی طرح تباہ کر دے گا، جھوٹے خان کو روکنا ہے تو شیر پر مہر لگائیں۔ اللہ نے موقع دیا تو اگلے 5سال میں پاکستان کو ترکی اور ملائیشیا کے ہم پلہ لائیں گے۔
شہباز شریف

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...