شہدادکوٹ + سکھر+ لاہور (اشرف افغان + حسیب شیخ + خصوصی نامہ نگار) عمران خان نے کہا ہے کہ مسلسل 10سال تک حکومت کرنے والے عوام کو ایک ہسپتال نہیں دے سکے ہیں۔ چار ارب روپے میں شوکت خانم جیسا جدید ہسپتال بن سکتا ہے تو منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھیجنے والے اربوں روپے سے کتنے ہسپتال بن جاتے۔لیکن زرداری کو پیسے بنانے کی بیماری ہے۔ خود کو طاقتور سمجھنے والے آصف زرداری اور اس کی بہن فریال تالپور کا بھی منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کی وجہ سے نام ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔ اقتدار میں آکر کرپشن کو ختم اور کمزور طبقے کو غربت سے نکالیں گے۔ زرداری کو یہ تکبر ہے کہ وہ طاقتور ہیں اور 25جولائی کولوگ ڈر کر اس کو ووٹ دیں گے لیکن یہ ان کی خام خیالی۔ شہدادکوٹ میں زرعی پانی کی قلت ہے اور پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہزاروں لوگ پیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہیں۔ تحریک انصاف اقتدار میں آ کر عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرے گی۔شہدادکوٹ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کے حالات بلوچستان سے بھی خراب ہیں۔ یہاں جو لوٹ مار کی گئی ہے اس کی ملک کی تاریخ میں مثال ملنا مشکل ہے۔کسانوں کا پانی بند کر کے ان پر جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ڈیڑھ گھنٹے کی ڈرائیو کر کے پہنچیں ہیں لیکن انفراسٹرکچر کو دیکھ کر بڑا دکھ ہوا ہے۔انہوں نے کہا 1970ءکے بعد سندھ کے لوگ بھٹو کیلئے ووٹ دیتے آئے ہیں اب بھی اس نظریے کے تحت ووٹ دیں تاکہ معاشی اور عدالتی انصاف کا بول بالا ہو۔انہوں نے کہا روٹی ،کپڑا اور مکان انسان کی بنیادی ضروریات ہیں جو یہ آپ کودس سال میں نہیں دے سکے اور آئندہ دس سال میں بھی نہیںدے سکیں گے۔انہوں نے کہا حالات دیکھ رہا ہوں کہ کے پی کے اور پنجاب میں ہماری حکومت بنے گی اور سندھ میں بھی تحریک انصاف کی آزاد حکومت بنتا۔سندھ کے لوگو آپ پر بڑا ظلم کیا گیا ہے لہٰذا اپنے بچوں کے نام پر اپیل ہے کہ وہ ان ظالموں کے سامنے کھرے ہو جائیں۔ جہاد کا بھی مقصد ظالم کے سامنے ڈٹ جاناہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام کو مسائل کے دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ فریال تالپور پیسوں کے ساتھ دھمکیوں کے ذریعے ووٹ لے رہی ہے سندھ کے لوگو اب خوف کی زنجیریں توڑ دو کیونکہ ان کو سورج ڈوبنے والا ہے دونوں بہن بھائی نام 35ارب روپے کی منی لانڈرنگ میں ای سی ایل میں ڈالا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر زرداری ایسے بڑے عوامی اجتماع میں آکر پوچھے کہ میں نے آپ کیلئے کیا کیا ہے تو لوگ اس کو گندے انڈے اور ٹماٹر ماریں گے۔کیونکہ اقتدار میں انہوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان کا خون چوسا ہے۔زرداری کو پیسے بنانے کی بیماری ہے ان کو یہ بھی معلوم نہیں کہ باہر ان کا کتنا پیسا پڑا ہے۔ شہبازشریف فکر نہ کریں میں ان کے پیچھے بھی آ رہا ہوں۔ علاوہ ازیں عمران خان نے شیڈول سے ہٹ کر لاہور آنے کا فیصلہ کرلیا۔ عمران خان نوازشریف کی آمد سے ایک روز قبل جمعرات 12جولائی کو جلسہ سے خطاب کریں گے۔ جمعرات کی شام لاہور ڈیفنس میں اسی رو زگوجرانوالہ قصور میں بھی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
عمران