ایم ایم اے نے نظرانداز کیا، مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں گے: ساجد میر

لاہور (خصوصی نامہ نگار ) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، خواجہ سعد رفیق نے اپنے حلقے این اے 131 کے لیے حمایت مانگی۔ سعد رفیق اپنے دیگر امیدواروں میاں نصیر اور حافظ نعمان کے ساتھ مرکز اہل حدیث 106 راوی روڈ پہنچے۔ ملاقات میں عام انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر اور میاں نواز شریف کا باہمی رشتہ ایک نظریے اور اصول کا رشتہ ہے جو گزشتہ تین دہائیوں پر مشتمل ہے۔ پروفیسر ساجد میر ہمارے بزرگ ہیں انہوں نے اور ان کی جماعت نے ہر مشکل حالات میں ہمارا ساتھ دیا ہے اور پوری قوت کے ساتھ غیر جمہوری قوتوں کا مقابلہ کیا ہے اور جمہوریت کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے ہیں۔ اگرچہ ان کے گلے شکوے اور تحفظات بجا ہیں تاہم اس کے باوجود ملک جن ناگزیر حالات سے دوچار ہے اور نادیدہ قوتیں جس طرح پورے سسٹم کو اپنے ایجنڈا کے تحت قابو کر رہی ہیں ہمیں امید ہے کہ وہ پہلے کی طرح ہماری سرپرستی بھی کریں گے اور مدد بھی کریں گے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا نواز شریف نے مجھ پر بہت مہربانیاں کی ہیں مگر میری جماعت کو نظرانداز کیا ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ میری طرح میرے ساتھیوں کو بھی ان کا حق ملنا چاہیے۔ ہمارے شکوے ن کے ساتھ زیادہ ہیں چونکہ دیرینہ تعلق پرانا ہے۔ ہمیں ایم ایم اے نے بھی نظر انداز کیا ہے اور ایثار وانصاف کا مظاہرہ نہیں کیا۔ تا ہم ہماری شوریٰ مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر چکی ہے اور ملکی حالات بھی اس امر کے متقاضی ہیں کہ جمہوریت کے استحکام اور ملکی سلامتی کو در پیش خطرات کے تناظر میں مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا جائے۔ اس وقت پوری کوشش کی جا رہی ہے کہ دینی قوتوں کا ووٹ بنک تقسیم کیا جائے‘ ہم اس گیم کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ ہم پہلے بھی پارٹی پالیسی میں واضح کر چکے ہیں کہ ہماری پہلی ترجیح پارٹی امیدوار ہیں اور دوسری اور سب سے نمایاں ترجیح مسلم لیگ ن ہے جہاں ایم ایم اے کا مضبوط امیدوار ہو گا اور جس کے جیتنے کے امکانات سو فیصد ہوں گے ان کی حمایت کی جائے گی۔ سعد رفیق نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان ملک کی ایک مضبوط دینی جماعت ہے جن کے لاکھوں کی تعداد میں پورے پاکستان میں ووٹرز ہیں۔ یہ پہلے بھی ہماری اتحادی رہی ہے اور اب بھی ہمارے ساتھ ہیں۔ ہمیں ان کے ووٹوں کی ضرورت ہے۔ سعد رفیق سے پوچھا گیا کہ کیا اسحاق ڈار بھی واپس آ رہے ہیں تو اس پر وہ خاموش رہے اور مسکرا کر چلے گئے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور کے عہدیداروں کی سعد رفیق سے ملاقات ہوئی جنہوں نے ان کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
سعدرفیق/ساجدمیر

ای پیپر دی نیشن