لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے زرعی ترقیاتی بنک کے ڈیفالٹر پی ٹی آئی کے رہنما کی جائیداد کی نیلامی کاحکم دے دیا۔ عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما شہزاد خاکوانی کی 1ہزار 733 کنال اراضی نیلام کرنے کاحکم دیا۔ عدالت نے جائیداد نیلامی کیلئے 21جولائی کی تاریخ مقرر کر دی۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے زرعی ترقیاتی بنک کی جائیداد نیلامی کی درخواست پر سماعت کی۔ بنک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی رہنما شہزاد خاکوانی نے زاشا لمیٹڈ کیلئے کاروباری قرض حاصل کیا،قرض کے لئے شہزاد خاکوانی نے تلمبہ روڈ میاں چنوں میں واقع 1 ہزار 733 کنال جائیداد رہن رکھوائی، قرض کیلئے راجہ منور، شہزادہ کامران فاروق، شہزادہ سلیمان، الماس خاکوانی اور مسز طوبیٰ سلیم نے گارنٹی بھی دی، زاشا لمیٹڈ کے مالکان کو قرض کی رقم طے شدہ مدت میں ادا نہ کرنے پر ڈیفالٹر قرار دیا گیا، ڈیفالٹر زاشا لمیٹڈ کے خلاف 2016ء سے 31 کروڑ 13 لاکھ 70 ہزار 451 روپے کی ڈگری جاری ہو چکی ہے، عدالتی ڈگری کے باوجود پی ٹی آئی رہنماء شہزاد خاکوانی بنک کی رقم ادا نہیں کر رہے، عدالت سے استدعا کی گئی کہ رقم کی ریکوری کیلئے زاشا لمیٹڈکی رہن رکھوائی گئی جائیداد نیلام کرنے کاحکم دیا جائے، عدالتی حکم پر کورٹ آکشنرز احمد عبداللہ ڈوگر اور سلطان ایڈووکیٹس نے نیلامی کا شیڈول پیش کیا۔