اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ آج اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی جانب سے شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی مدت میں توسیع کے لیے دائر درخواست کی سماعت کرے گی ،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ درخواست کی سماعت کرے گا ،جس میں عدالت نے اٹارنی جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل نیب کو نوٹسز جاری کردئیے ہیں ،یادرہے کہ احتساب عدالت کے جج کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی کارروائی مکمل کرنے کے لیے چوتھی مرتبہ مدت میں توسیع مانگی کی گئی ہے ،پہلے عدالت نے انہیں 6 ماہ کا وقت دیا تھا ،تاہم سماعت مکمل نہ ہونے پر مزید دوماہ دئیے گئے ،فاضل جج نے پھر مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت انہیں ایک ماہ مزید دیا تاہم پھر جج نے مزید توسیع کی درخواست کی۔ جس پر عدالت نے انہیں مزید ایک ماہ کا وقت دیا تاہم اس دوران احتساب عدالت شریف خاندان کے خلاف صرف ایک ریفرنس ایون فیلڈ کی سماعت مکمل کر سکی۔ اب فاضل جج نے چوتھی مرتبہ مدت میں توسیع کی درخواست کی ہے۔