سرفراز احمد سے ہاتھ نہ ملانا سپورٹس مین شپ نہیں تھی ، شرمندہ ہوں :میکسویل

Jul 10, 2018

ہرارے (سپورٹس ڈیسک)آسٹریلوی کھلاڑی گلین میکس ویل نے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میچ کے بعد پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے جان بوجھ کر ہاتھ نہ ملانے پر شرمندگی کا اظہار کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں گلین میکس ویل کا کہنا تھا کہ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے فائنل میچ کے بعد سرفراز احمد سے ہاتھ نہ ملانا اسپورٹس مین شپ نہیں تھی۔اپنے پیغام میں پشیمانی کا اظہار کرتے ہوئے گلین میکس ویل نے اپنی غلطی کا اعتراف بھی کیا۔انہوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ وہ ہوٹل میں سرفراز احمد کو ڈھونڈ رہے ہیں اور ان سے ہاتھ ملا کر انہیں اور ان کی ٹیم کو جیت کی مبارکباد دینا چاہتے ہیں۔گلین میکس ویل نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کو سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کی مبارکباد دی اور کہا کہ فخر زمان اور شعیب ملک کو روکنا تقریباً ناممکن تھا۔میڈیا فوٹیج کے مطابق میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی جب ایک دوسرے سے مصافحہ کر رہے تھے اس وقت آسٹریلیا کے گلین میکس ویل نے جان بوجھ کر سرفراز احمد سے ہاتھ نہیں ملایا۔گلین میکس ویل کے اس رویے کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، اور اسے اسپورٹس مین شپ کے منافی قرار دیا۔جبکہ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے سے سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں کپتان سرفراز احمد اور گلین میکسویل کے درمیان الفاظ کا تبادلہ ہوا تھا، تو کیا میچ کے بعد سرفراز احمد سے ہاتھ نہ ملانے کی وجہ یہی تھی؟پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیریز میں کامیابی کے بعد پاکستانی کپتان کے ساتھ ہاتھ نہ ملانے سے گلین میکسویل نے ایک اچھی مثال قائم نہیں کی جبکہ بچے اس برتاؤ کو دیکھ رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ میکسویل کو پاکستان ٹیم اور سرفراز سے معذرت کرنا چاہیے۔

مزیدخبریں