لاہور(خصوصی نامہ نگار ) صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے گزشتہ روز حاجی کیمپ لاہور کا دورہ کیا اور عازمین حج کے لئے سکیورٹی و دیگر انتظامات پر اظہار تشکر کیا۔ صوبائی وزیر نے حاجی کیمپ میں موجود حج پر جانے والے تمام حجاج کرام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ اللہ کے مہمان اور پاکستان کے سفیر ہیں۔آپ نے حکومت وقت کی نمائندگی کرنا ہے۔ آپ تمام کے لئے سعودی حکومت نے بہترین انتظامات کئے ہیں۔اب آپ کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سا منانہ کرنا پڑے گا۔ حکومت پاکستان سعودی حکومت کا بہترین انتظامات کرنے پر بے حد ممنون ہے۔ حکومت پاکستان نے بھی تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ تمام اللہ کے مہمانوں کو الوداع کہنا بڑے نصیب کی بات ہے۔ حکومت کی طرف سے تمام حجاج کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔آپ لوگ پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے دعا کیجیے گا۔دعا ہے اللہ پاک سب کا حج قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے تمام حاجیوں کو ہر قسم کی سہولت مہیا کرنے کے سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل ہیں۔