ویڈیولیکس بے معنی ہوچکی اب کوئی فائدہ نہیں اٹھا سکتا، شاہ محمود: لندن پہنچ گئے

اسلام آباد، لندن (نوائے وقت نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ چلے گئے، جہاں پر وہ دولت مشترکہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ برطانیہ روانگی سے قبل وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دولت مشترکہ کے ایک غیرمعمولی اجلاس میں شرکت کیلئے برطانیہ جا رہے ہیں، دولت مشترکہ کے اجلاس میں شرکت کی دعوت برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے دی تھی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کامن ویلتھ کے 54 رکن ممالک ہیں اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کو اس میں نمائندگی ملی ہے، پاکستان اپنا ممکنہ کردار ادا کرتا چلا آ رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ اجلاس میں شرکت سے دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کا موقع ملے گا، 2018 میں طے اہداف پر پیشرفت سے متعلق پاکستان کی طرف سے رپورٹ بھی پیش کروں گا۔ بعدازاں لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جج کی تردید کے بعد ویڈیو بے معنی ہوچکی ہے۔ اب ویڈیو سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا جاسکتا۔ اس کی کوئی حقیقت ہے اور نہ کوئی اہمیت ہے۔ دولت مشترکہ کے 19 ویں سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔

ای پیپر دی نیشن