کراچی (نیوز رپورٹر) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی امریکی حراست سے رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ ٹوئٹر پر ’’ٹاپ ٹرینڈ‘‘ بن گیا۔ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے قوم کی بیٹی کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے سوشل میڈیا پر عافیہ موومنٹ کے سرگرم رضاکاروں کی جانب سے بھرپور ’’ ٹوئٹر ٹرینڈ‘‘ چلانے پر اظہار تشکر کیا اور ان کیلئے اجرعظیم کی دعا کی۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جولائی کے اواخر میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ امریکہ کے اعلان کے بعد اندرون و بیرون ملک سے بڑی تعداد میں ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرزنے عافیہ موومنٹ، سیکریٹریٹ رابطہ شروع کردیا اور کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے حوالے سے عوام کے جذبات حکومت اور ریاستی حکام تک پہنچانے کیلئے ٹوئٹر پر مسلسل ٹرینڈ چلائے جائیں گے۔ الحمدللہ، گذشتہ روز ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے مطالبہ کا ہیش ٹیگ #PakistanisWantAafia نمبر ون ٹوئٹر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا جس میں اندورن و بیرون ممالک سے ہزاروں کی تعداد میں ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز نے حصہ لیا۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کامیاب ٹوئٹر ٹرینڈ چلانے پر عافیہ موومنٹ کے سپورٹرز کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کے جذبات کا احترام کرے گی۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے موقع پرعوام کو عافیہ کی وطن واپسی کے حوالے سے اچھی خبر سننے کو ملے گی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ ان کی والدہ شدید علیل ہیں، میں ائمہ کرام اور عوام سے اپیل کرتی ہوں کہ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی اور ان کی والدہ عصمت صدیقی کی صحتیابی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔
’’ٹاپ ٹرینڈ‘‘