قاہرہ (آن لائن) تیونس اور آئیوری کوسٹ کی ٹیمیں افریقہ کپ آف نیشنز فٹ بال ٹورنامنٹ 2019ء کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ گھانا اور مالی کی ٹیمیں پری کوارٹر فائنل مرحلے میں اپنے میچز ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ آئیوری کوسٹ کی ٹیم نے پری کوارٹر فائنل میچ میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد مالی کی ٹیم کو 1-0 گول سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ تیونس کی ٹیم نے پری کوارٹر فائنل میچ میں گھانا کی ٹیم کو پنالٹی ککس پر 5-4 گول سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کے ٹاپ ایٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا۔مصر میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میچ میں آئیوری کوسٹ کا مقابلہ مالی کی ٹیم سے تھا۔ آئیوری کوسٹ کی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد مالی کی ٹیم کو 1-0 گول سے شکست دی۔آئیوری کوسٹ کی طرف سے واحد گول آرمل زہا نے میچ کے 78 ویں منٹ میں سکور کیا میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا یوں آئیوری کوسٹ کی ٹیم مالی کو 1-0 گول سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔دوسرے پری کوارٹر فائنل میچ میں تیونس کا مقابلہ گھانا سے تھا دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت تک مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا بعد میں فیصلے کیلئے دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ پنالٹی ککس پر ہوا جس پر تیونس کی ٹیم نے گھانا کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
تیونس اور آئیوری کوسٹ افریقہ کپ آف نیشنز کے کوارٹر فائنل میں
Jul 10, 2019