کراچی(صباح نیوز)قیام پاکستان کے حصول میں قائد اعظم محمد علی جناح کے شانا بشانہ ساتھ رہنے اور جدوجہد کرانے والی ان کی بہن اور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 52ویں برسی منگل کے روزعقیدت و احترام سے منائی گئی۔مزار قائد کے احاطے میں واقع قبر پر لوگوں نے فاتحہ خوانی کی جب کہ مختلف شہروں میں سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے قیام پاکستان میں فاطمہ جناح کی خدمات اور کردار سے متعلق خصوصی پروگرام منعقد کئے گئے۔تفصیلات کے مطابق عظیم بھائی کی عظیم بہن اور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح 30جولائی 1893ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ بانی پاکستان کی ہمشیرہ جذ بہ خدمت میں قائد اعظم کی مثال تھیں۔ آپ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی اور بچپن سے ہی سب کی لاڈلی رہیں۔اپنے بھائی قائد اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے فاطمہ جناح نے تحریک آزادی اور پاکستان کے قیام تک فیصلہ کن کردار ادا کیا، آپ خواتین کے لئے ہر میدان میں سب سے آگے رہیں اور برصغیر کی خواتین کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا، یہ ہی وجہ ہے کہ آپ کو مادر ملت کا خطاب ملا۔مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح 9 جولائی 1967ء کو مختصر علالت کے بعد 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ انہیں اپنے عظیم بھائی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا گیا۔
کراچی:مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 52 ویں برسی منائی گئی:مزار پر فاتحہ خوانی
Jul 10, 2019