حماد اظہر کو وفاقی وزیر ریونیو کا قلمدان دے کر اگلے روزہی واپس لے لیا گیا

 وزیراعظم عمران خان نے حماد اظہر سے وفاقی وزیر ریونیو ڈویژن کا قلمدان واپس لیکر مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو دیدیا۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے اختیارات کم کرتے ہوئے ان سے ریونیو ڈویژن کا قلمدان لیکر حماد اظہر کو ریونیو ڈویژن کا اضافی قلمدان دیا تھا تاہم آج وزیراعظم نے ایک بار پھر حماد اظہر سے وفاقی وزیر ریونیو ڈویژن کا قلمدان لیکر واپس مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو دیدیا ہے۔

کابینہ ڈویژن نے قلمدان تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم نے حماد اظہر کو وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ڈویژن مقرر کردیا ہے جب کہ حفیظ شیخ سے اقتصادی امورڈویژن کا قلمدان واپس لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے ریونیوڈویژن کا قلمدان واپس لیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کے بعد وزیراعظم نے آج فیصلہ واپس لے لیا۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان بطور وزیر مملکت حماد اظہر کی کارکردگی سے انتہائی متاثر ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں وفاقی وزیر بنادیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ حماد اظہر نے بطور وزیر مملکت برائے ریونیو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا پہلا سالانہ بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔

قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے حماد اظہر کے بجٹ پیش کرنے اور تمام امور بہترین طریقے سے انجام دینے پر خوب سراہا تھا۔
 

ای پیپر دی نیشن