وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم عمران خان کےدورہ امریکا کی تصدیق کردی

 وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان 22 جولائی کو امریکا پہنچیں گے اور ان کا استقبال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے۔

امریکی ایوان صدر ’وائٹ ہاؤس‘ نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کردی ہے، اس حوالے سے وائٹ ہاؤس ترجمان  نے کہا ہے کہ  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 22 جولائی کو وزیراعظم عمران خان کا استقبال کریں گے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کاکہنا ہے کہ عمران خان کے دورہ امریکا کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے، دورے سے دونوں کو ممالک امن، اقتصادی ترقی اور خطے کے استحکام کے  لیے مل کرکام کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیر اعظم عمران خان کی امریکی صدر سے مجوزہ ملاقات میں دونوں رہنما انسداد دہشت گردی، دفاع، توانائی اور تجارت پرتبادلہ خیال کریں گے جب کہ خطے میں امن واستحکام اور اقتصادی تعاون پر بھی غور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 4 جولائی کو ترجمان دفتر خارجہ نے وزیر اعظم کے دورہ امریکا کا اعلان کیا تھا, اس سے قبل ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ امریکا سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔ مورگن اورٹیز نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ علم نہیں کہ وزیراعظم عمران خان اس ماہ امریکا کا دورہ کر رہے ہیں، اس کی وائٹ ہاؤس ہی تصدیق کر سکتا ہے، ہمیں کوئی اطلاع نہیں ملی، وائٹ ہاؤس سے رابطے کے بعد آگاہ کروں گی۔ ترجمان نے کہا عمران خان کے دورے کا سنا ضرور ہے لیکن سرکاری طور پر نہیں بتایا گیا۔

ادھر پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کر دی گئی تھی۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا تھا کہ وزیراعظم کے دورے سے متعلق قیاس آرائیاں نہ کی جائیں، پاکستان امریکا کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے، طریقہ کار کے تحت مناسب وقت پر دورے کا اعلان کیا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن