اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار، خبرنگار خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مریم صفدر نے کبھی اپنے انکل مودی کو فون کرکے پوچھا ہے کہ نہتے کشمیریوں پر اتنے مظالم کیوں ڈھا رہے ہیں۔ کشمیر میں کھڑے ہو کر بات کریں تو معلوم ہونا چاہیے مودی کس کے گھر آیا، آزاد و جموں کشمیر الیکشن میں جو زبان استعمال ہورہی ہے اسکا فائدہ کشمیریوں کو نہیں دشمن کو ضرور ہورہا ہے۔ عمران خان نے دنیا میں کشمیر کاز کو زندہ کیا ہے۔ پرچی چیئرمین کرپشن کا دائرہ آزاد و جموں کشمیر تک بڑھانا چاہتے ہیں۔ کشمیری عوام محتاط رہیں۔ الیکشن مہم سے پہلے مریم اور بلاول کب آزاد کشمیر گئے یہ تو وہاں کے عوام بھی جانتے ہیں۔ (ن) لیگ نے 5 سال کشمیریوں کا استحصال کیا۔ وہ جمعہ کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جب تک 5اگست کے مقبوضہ کشمیر کے سٹیٹس کو واپس نہیں لیتا تب تک عمران خان نے کسی قسم کی بات نہ کرنے کا دو ٹوک فیصلہ کیا ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فرخ حبیب نے کہا کہ وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے کشمیر سے گزرتے وقت ایک پل کی تعمیر کے لئے اپنی جیب سے پیسے دیئے، اس میں کیا بری بات ہے۔ معاون خصوصی برائے امور نوجوانان اور سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار کی نیشنل یوتھ کونسل کے ممبران کے ساتھ کونسل کی سرگرمیوں کے حوالے سے منصوبہ بندی کا عمل شروع کرنے کے لئے تفصیلی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر کونسل کے ارکان نے رواں سال کے لئے ترتیب دی گئی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا اور کونسل کے مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے اہداف تشکیل دیئے اور ممبران میں ذمہ داریاں تقسیم کی گئیں۔ وزیرمملکت اطلاعات و نشریات نے بطور مہمانِ خصوصی ملاقات میں شرکت کی اور کونسل کے ارکان سے خطاب کیا۔کامیاب جوان پروگرام کے تحت آسان شرائط پر قرض حاصل کر کے نوجوان نسل با آسانی اپنا کاروبار شروع کرسکتے ہیں۔
مریم صفدر نے کھبی انکل مودی سے پوچھا کشمیریوں پر اتنے مظالم کیوں : فرخ حبیب
Jul 10, 2021