اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم کے ترجمان اور معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ جن جماعتوں کو الیکشن کیلئے امیدوار نہیں مل رہے، وہ جیت کے نعرے مار رہی ہیں۔ گزشتہ روز مریم صفدر کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ محترمہ جعلساز نے اس بار بھی جھوٹ اور فریب کا منتر پڑھنا شروع کر دیا ہے، خود کو کشمیر کی بیٹی کہنے والی یہ بتائے کہ غاصبین کشمیر ان کے فیملی فرینڈز کیوں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خود کو کشمیر کا مخلص کہنے والے بتائیں کہ ہائی کمیشن کو بھارت کے بارے میں بات کرنے سے کیوں روکے رکھا؟ ۔ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ مودی سے دوستانے نبھانے والے کشمیریوں کے مجرم ہیں، مقبوضہ کشمیر میں آبروئیں لٹتی رہیں اور یہ ساڑھیوں کے تحفے لیتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کا بھارت نواز بیانیہ کشمیر کی جدوجہد ِ آزادی کی توہین ہے،بھارتی بیانیے کا پاکستان میں پرچار کرنے والوں کے منہ جلد کالے ہونے والے ہیں۔