گھی ، چینی، آلو، سنڈے،دودھ ، گوشت سمیت23 اشیا مہنگی، 9 سستی : ادارہ شماریات

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) حالیہ ہفتے کے دوران ملک میں 23 اشیائے ضروریہ مہنگی ، 9 سستی ہوئیں جبکہ 19 کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی بارے ہفتہ واررپورٹ جاری کردی ہے جس سے واضع ہوتا ہے کہ مالی سال 2021-22 کے وفاقی بجٹ کے اثرات مہنگائی میں مسلسل اضافہ کی صورت میں ظاہر ہورہے ہیں۔ بجٹ نافذ ہونے والے دن یکم جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران بھی مہنگائی کی شرح میں 0.53 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ جبکہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی، آلو،ٹماٹر، انڈے ، پیاز، لہسن، مٹن، بیف، ویجی ٹیبل گھی، ایل پی جی، صابن، دال چنا اور، تازہ کھلا دودھ سمیت مجموعی طور پر23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اوردال مونگ، دال ماش، چکن، آٹا اوردال مسورسمیت 9 اشیاء سستی ہوئی ہیں، 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔ حساس قیمتوں کے اعشاریہ (ایس پی آئی) کے لحاظ سے گذشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں ملک میں مہنگائی کی شرح 12.28 فیصد رہی ہے۔اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر17 ہزار732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 15.72 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 12.35 فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 11.69 فیصد، 29 ہزار 518 روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 11.60 فیصد رہی۔ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.07 فیصد کا اضافہ ہوا  جس سے  مہنگائی کی شرح 12.28 فیصد ہوگئی۔علاوہ ازیں ملک میں پھر چینی کی اوسط قیمت 100 روپے کلو سے اوپر چلی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی اوسط قیمت  2 روپے  55 پیسے فی کلو بڑھ کر 100 روپے 65 پیسے فی کلو ہو گئی۔

ای پیپر دی نیشن