لاہور(سٹی رپورٹر) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے انسدادڈینگی سرگرمیوں بارے رپورٹ پیش نہ کرنے والے افسران کو تنبیہ کی ہے۔ انہوں نے یہ تنبیہ سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے انسدادڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔اس موقع پر وزیر اوقاف سیدسعید الحسن شاہ،چیف سیکرٹری پنجاب،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری،سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرسارہ اسلم،سیکرٹری اوقاف،سیکرٹری زراعت،سیکرٹری ماحولیات،ڈپٹی کمشنرلاہورمدثرریاض ملک،ڈی جی پی ایچ اے ودیگرافسران موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین اور چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کے دوران صوبہ بھرمیں انسدادڈینگی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت،چیئرمین پی آئی ٹی بی،سیکرٹری اوقاف،سیکرٹری زراعت اور سیکرٹری ماحولیات نے وزیر صحت اور چیف سیکرٹری پنجاب کو انسدادڈینگی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھرمیں ڈینگی کیسزمیں اضافہ خطرناک ثابت ہوسکتاہے۔تمام متعلقہ اداروں کو ڈینگی کے خاتمہ کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی ہونگی۔تمام کمشنرزاور ڈپٹی کمشنرزڈی ایگ کی سفارشات پر عملدرآمدکروائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنے گھروں،دوکانوں اور پانی کھڑارہنے والے مقامات کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔اس موقع پر وزیراوقاف سیدسعیدالحسن شاہ نے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام مزارات اور مساجدکی صفائی کو یقینی بنایاجارہاہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے ڈینگی سرویلنس،مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کا میعاربہتربنانے کی ہدایت کی۔