لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوںپر مشتمل سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ آج لارڈز میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں گزشتہ روز کارڈ ف سے لندن پہنچ گئی ہیں ۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن تین بجے شروع ہوگا۔ میزبان انگلش ٹیم سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔ فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ون ڈے میں شکست پر ناراض فینز کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کی امید دلائی ہے۔پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو میں شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیریزکا پہلا میچ بہت اہم ہوتا ہے۔ کل ایک برا دن تھا، جو پرفارمنس رہی ہم اس سے بہت بہتر کی ٹیم ہیں، جب بھی میچ میں برا کھیلیں توسب اکٹھے بیٹھ کر غلطیوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ کوچز اوراینالسٹ کی مدد سے غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہیں تاکہ آئندہ میچزمیں بہترکھیل سکیں، مجھے یقین ہے کہ ہم لارڈز میں کم بیک کریں گے اپنی ٹیم کی صلاحیتوں پرمکمل اعتماد ہے، لارڈزکے میدان میں کم بیک کریں گے۔ لارڈز میں ہماری حالیہ پرفارمنس بہتر رہی ہے۔کہہ سکتے ہیں کہ لارڈزکی کنڈیشنز ہمارے لیے سازگاررہتی ہیں۔ ورلڈ کپ کے دوران بابر اعظم اور امام الحق نے بھی لارڈزمیں اچھا سکور کیا تھا۔میری کیرئیر بیسٹ باؤلنگ بھی لارڈز میں ہی ہے۔ ہمیں بیٹنگ اور باؤلنگ میں پارٹنرشپ لگانے کی ضرورت ہے۔ انگلینڈ میں ہمیشہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو فینز کی سپورٹ رہتی ہے۔ کارڈف میں بھی حوصلہ افزائی کیلئے کراؤڈ موجود تھا۔ امید ہے لندن میں بھی پاکستانی شائقینِ کرکٹ میچز دیکھنے آئیں گے۔دوسرے میچ میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کریں گے ۔ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں ڈیبیو کرنے والے انگلش بائولر لیوس گریگوری نے کہا ہے کہ سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں کامیابی سے ظاہر ہوتا ہے کہ انگلش کائونٹی میں ٹیلنٹ کی کتنی گہرائی ڈومیسٹک میں کتنی طاقت ہے ۔ پاکستان کاریکارڈ اچھا ہے ۔ انگلش سکواڈ میں ٹی ٹونٹی سکواڈ سے بھی لڑکے لائے گئے ہیں ۔ لوگوں نے دیکھا کہ کھلاڑیوں نے کیسے پرفارم کیا ہے ۔ یہ کارکردگی کائونٹی ہی کی بدولت ہے ، کھلاڑیوں کیلئے شاندار موقع ہے کہ وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم میں جگہ پکی کرلیں ۔ انگلینڈ کیلئے ٹیم میں ٹھہرنا کتنا شاندار ہوگا۔ٹی ٹونٹی بلاسٹ اور رائل لندن ون ڈے کپ کا معیار کتنا شاندار ہے ۔ لڑکے کائونٹی میں بہت زیادہ کرکٹ کھیل رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کوئی دشواری نہیں ہورہی ہے ۔ سکواڈ میں شامل کرنے پر شکر گزار ہوں ‘صورتحال بڑی مشکل ہے ‘کوئی کھلاڑی کسی بھی زخمی ہوسکتا ہے ‘کرونا کا شکار ہوسکتا ہے ‘کسی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے ‘امید ہے کہ سیریز اچھی طرح مکمل ہو گی ۔پاکستان ٹیم اچھی ٹیم کسی بھی وقت کچھ کر سکتی ہے ۔ کھلاڑیوں کو جیت کیلئے محنت کرنا ہو گی ۔