لاہور (خصوصی رپورٹر) شہبازشریف نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 53 ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ فاطمہ جناح نے قائداعظم محمد علی جناح اور قیام پاکستان کی تحریک میں ناقابل مثال مدد کی۔ محترمہ فاطمہ جناح نے وطن بنانے اور اسے سنوارنے میں ایک ماں کی طرح مخلصانہ کردار ادا کیا۔ پوری قوم مادر ملت کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ ان خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ پوری قوم اور پاکستان محترمہ فاطمہ جناح کا احسان مند ہے۔ انہوں نے تحریک پاکستان میں خواتین کی رہنمائی کا فرض ہی ادا نہیں کیا بلکہ رہبر قوم کا مضبوط بازو بنی رہیں۔ حق گوئی، ہمت و استقامت اور اخلاص و وفا کا پیکر تھیں۔ وہ دنیا کی تاریخ کا ایسا بلند و روشن کردار بن کر ابھریں جن پر قومیں فخر کرتی ہیں۔ شہباز شریف نے سابق میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے ۔ علاوہ ازیں شہباز شریف اور حمزہ شہباز آج عدالت پیش ہوں گے۔