جماعت اسلامی کا مقصد اقامت دین اور عوام کی خدمت ہے،حافظ نعیم

Jul 10, 2021

کراچی (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا مقصد اقامت دین کی جدوجہد اور عوام کی خدمت ہے ،معاشرے کی تعمیر و تطہیر اور اخوت و محبت کیلئے علماء کرام کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے ، علمائے کرام نہ صر ف عوام کو دین سیکھائیں بلکہ عوام کے معاشرتی اور سماجی مسائل سے بھی آگاہ رہیں ، علمائے کرام کی ذمہ داری ہے کہ فروعی اختلافات سے بالا تر ہوکر امت کو مضبوط کریں اور اسلام دشمن عناصر کے مقابلے میں مسلمانوں کو متحد کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے تحت دینی مدارس کے اساتذہ کرام اور علماء عظام کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صدر جمعیت اتحاد العلماء کراچی مفتی علی زمان کاشمیری ، نائب صدر مولانا یامین منصوری ،مولانا ضیاء الرحمن فاروقی ،مولانا ملک آفتاب نے بھی خطاب کیا ، جبکہ ناظم اعلیٰ جمعیت اتحاد العلماء کراچی مولانا مفتی عبدالوحید نے اتحاد العلماء کراچی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ حافظ نعیم الرحمن کو پیش کی ۔نظامت کے فرائض مفتی معراج نے انجام دیئے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ موجودہ حالات میں جمعیت اتحاد العلماء پر بھی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ،اتحاد العلماء نے کراچی سمیت ملک بھر میں دعوت دین کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا ہے ، کراچی میں دینی ادارے ممتاز حیثیت رکھتے ہیں ۔ زمان کاشمیری نے کہا کہ جماعت اسلامی اور اتحاد العلماء اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ، یامین منصوری نے کہا کہ جمعیت اتحاد العلماء کی کاوشوں کے باعث آج علماء کرام متحد ہیں ، ضیاء الرحمن نے کہا کہ مفتیان کرام اور علمائے کرام صبر اور قناعت سے کام لیتے ہیں ، معاش کے پیچھے نہیں بھاگتے ہیں ۔ ملک آفتاب نے کہا کہ علماء کرام دعوت اور تحریک سے جڑے رہتے ہیں۔

مزیدخبریں