مکہ مکرمہ، منیٰ (نیٹ نیوز، ممتاز احمد بڈانی) سعودی عرب میں حجاج کرام نے رات مزدلفہ میں گزاری جہاں عبادت کے ساتھ رمی جمرات کے لیے کنکریاں چننے کے بعد حجاج کرام نماز فجر ادا کر کے منیٰ واپس پہنچے۔ مناسک حج اب آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ حجاج کرام نے منیٰ میں زوال کے وقت سے پہلے صرف جمرہ عقبیٰ کو کنکریاں ماریں۔ رمی کے بعد حجاج کرام نے قربانی کی تصدیق ہوتے ہی حلق (بال منڈوانا) کر کے اپنے احرام کھول دئیے۔ اس کے بعد آج گیارہ اور کل بارہ ذوالحج کو دیگر دو جمرات یعنی جمرہ اولیٰ اور جمرہ وسطیٰ سمیت تینوں جمروں پر کنکریاں ماری جائیں گی۔ احرام کی پابندیوں سے نکلنے کے بعد حجاج کرام کی بڑی تعداد مسجد الحرام میں طواف زیارت کے لیے پہنچنا شروع ہو گی۔ حجاج بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ پہنچے اور طواف زیارت کیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مشاعر مقدسہ میں درجہ حرارت 42 ڈگری رہا۔ بعض مقامات پر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا۔ مشاعر مقدسہ میں ایام تشریق کے تینوں دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 اور کم سے کم 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔