اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ خبر نگار) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بیرون ملک پاکستانیوں سمیت تمام امت مسلمہ کو عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدس دن ایثار، قربانی اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا پیغام ہے۔ ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ امت مسلمہ کو نادار اور مستحقین کی مدد کے لئے اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا۔ صدر عارف علوی نے قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ عید الاضحٰی کے مبارک اور پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعاگو ہوں کہ وہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات، حج اور قربانیاں قبول فرمائے۔ عیدالاضحٰی ہمیں اللہ تعالیٰ کے حکم پر حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی تسلیم ورضا کی یاد دلاتی ہے۔ ان عظیم شخصیات کو اللہ تعالی نے جب امتحان سے گزارا تو دونوں نے اللہ کے حکم پر سر تسلیم خم کر دیا۔ اللہ تعالٰی کو ان کا یہ جذبہ اس قدر پسند آیا کہ اسے قیامت تک ایمان والوں کیلئے عبادت کی حیثیت سے لازم قرار دے دیا۔ قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی تاثیر کا حامل ہے۔ دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ اس کا اصل مقصد نفسانی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔ یہ جذبہ پوری پاکستانی قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم ذاتی مفاد، حرص، طمع ولالچ اور خود غرضی کی بجائے اخوت، ایثار، محبت اور غم خواری سے سرشار ہو کر اپنے ارد گرد ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کریں اور آزمائش کی اس گھڑی میں مضبوط قوم بن کر ابھریں گے۔ اللہ تعالی ہم سب کا حامی وناصر ہو۔