اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق صدر مملکت آصف زرداری نے عید الاضحٰی کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو خاص طور یاد رکھا جائے جو اس وقت ظلم، جبر اور بربریت کا سامنا کر رہے ہیں، تمام مسلمان اپنی دعاؤں میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کی دعا بھی شامل کریں، کشمیریوں کو اس وقت سفارتی مدد کی سخت ضرورت ہے۔ آج کا دن محبت اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ آج عید کی خوشیوں میں غریبوں اور بے سہارا بھائیوں، بہنوں کی مدد کرکے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا جائے۔ ہم سب کو مل کر ان عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی جو مذہب کی آڑ میں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سیاسی، سماجی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کی ہے، ہم ایسے معاشرہ کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جہاں ہر شہری کے ساتھ معاشی اور سماجی انصاف ہو اور ریاست ان کیلئے جنت ہو۔ آصف علی زرداری نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی غربت، سماجی ناانصافیوں اور جہالت کے اندھیروں کے خلاف جنگ لڑتی رہے گی ۔ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوشیوں کا یہ تہوار امت مسلمہ کو ایک لڑی میں پروتا ہے کہ افریقہ سے لے کر برصغیر تک سب مسلمان ایک ہیں اور جب ہم متحد ہوکر کسی مقصد کے حصول کی کوشش کریں گے تو اسلامی ممالک سے بڑھ کر دنیا میں کوئی طاقت نہیں ہوسکتی۔ ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کے لیے ہمیں اپنے تمام تر ذاتی و گروہی مفادات، ترجیحات اور انا کو پس پشت رکھ کر، ملک و قوم کی خوشحالی اور ترقی کے لئے کام کرنا ہوگا۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام خوشی کے اس موقع پر کشمیری بہن بھائیوں کو ضرور یاد رکھیں جو اپنے حق خود ارادیت کی خاطر بھارتی ظلم و جبر کا شکار ہیں۔