سنت ابراہمی دراصل رضائے الہی کی پیروی کا نام ہے‘ آفاق احمد

Jul 10, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے عید الاضحی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت اسمٰعیل کی عظیم قربانی نہ صرف مسلمانوں بلکہ دنیا بھر کے انسانوں کیلئے ایک ایسی منفرد مثال ثابت ہوئی کہ جس کا اعادہ نواسہ رسول ؓحضرت امام حسین نے میدان کربلا میں کیا اور اپنے عمل سے ثابت کردیا کہ جب دین اسلام کی سربلندی اور آنے والی نسلوں کے ایمان کو محفوظ بنانے مرحلہ سامنے ہوتو جان،جان آفرین کے سپرد کرنا کبھی گھاٹے کا سودا نہیں ہوتا۔آفاق احمد نے کہا کہ آج جن حالات سے پاکستانی عوام بالخصوص کراچی کے باشندے گذر رہے ہیں ان سے نکلنے کیلئے ہمیں جانوروں کی قربانی کے ساتھ ساتھ فلسفہ قربانی کو بھی اپنی زندگیوں پر لاگو کرنا ہوگا تب جاکر زمانے کے شیطانوں اور کفر کے ہرکاروں کو شکست فاش دی جاسکے گی۔آفاق احمد نے کہا کہ اللہ کی بارگاہ میں جانور کا خون پہنچتا ہے نہ گوشت البتہ نادار و مساکین پر اسکا حق ضرور ہے،عوام قربانی کے گوشت کو ناداروں اور مساکین میں تقسیم کرکے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔مہاجر کارکنان کے نام اپنے پیغام میں آفاق احمد نے کہا کہ عید الاضحی کی ادا ئیگی اور گوشت کی تقسیم کے موقع پرسفید پوش مہاجر گھرانوں اور شہدا کی فیملیز کو ہرگز فراموش نہ کریں،جبکہ قربانی کا گوشت ترجیحی بنیادوں پر پہنچا کر انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا جائے کیونکہ قربانی کے گوشت پر اصل حق گھر وں پر دستک دیتے پیشہ ور غیر مقامیوں کانہیں بلکہ گھرو ں میں موجودسفید پوش فیملیز کاہے جن تک عزت و تعظیم کے ساتھ گو شت پہنچا نا ہم تمام کی اولین ترجیح ہونا چاہے۔
آفاق احمد

مزیدخبریں