لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے عیدالاضحی پر تہنیتی پیغامات میں کہا ہے کہ اس موقع پر غریبوں، مسکینوں، بیواؤں اور یتیموں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔ پرویز الہی نے کہا کہ قوم کرپٹ حکومت کی تباہ کاریوں کی بھاری قیمت ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نازک صورتحال میں ملک کے تحفظ اور معیشت کو سنبھالنے کیلئے پاک فوج اور ادارے پیش پیش ہیں۔ ہمارے بزرگوں نے خون دے کر ہمیں پاکستان کا تحفہ دیا۔ اس لیے دل و جان سے اس کی حفاظت ہم پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید مناتے ہوئے مادرِوطن کیلئے عظیم قربانیاں دینے والے پاک فوج، پولیس اور دیگر اداروں کے جوانوں، افسروں اور کشمیری بھائیوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ مونس الہی نے کہا کہ مودی سرکار کشمیر میں خون بہاتے تھک جائے گی مگر پاکستان اور کشمیری اپنے مطالبے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ او آئی سی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے۔
عید کے موقع پر کشمیری بھائیوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں: پرویز الٰہی، مونس
Jul 10, 2022