صادق آباد+لاہور (کرائم رپورٹر+ ڈسٹرکٹ رپورٹر+ نامہ نگار) بھتہ نہ دینے پر 5 ڈاکوئوں کا دھاوا، زمیندار کے 2 بیٹے اور پوتا قتل، وزیراعلیٰ، آئی جی کا نوٹس، آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیل کے مطابق پانچ مسلح ڈاکو بستی خیر محمد درگھ چوک شہباز پور میں داخل ہوئے جہاں چوکیدار تیس سالہ حلیم نے مشکوک جان کر پوچھ گوچھ کرنے کی کوشش کی تو ڈاکوئوں نے چوکیدار حلیم پر فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ فائرنگ کی آواز سن کرمقامی زمیندار ملک صفدر علی درگھ کے بیٹے محمد شاہد ، فرحان اور 15سالہ پوتا شہروز گھر سے نکل آئے جنہیں دیکھتے ہی ڈاکوئوں نے گولیو ں کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا اور باآسانی موقع سے فرار ہوگئے۔ گرفتاری کے لئے علاقہ بھر کی ناکہ بندی کر کے گھر گھر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعہ ذاتی دشمنی ہو سکتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد اصل حقائق سامنے آسکتے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں رابطہ کرنے پر ذرائع نے بتایا کہ تین افراد کا قتل مبینہ طور پر بھتہ نہ دینے پر کیا گیا ہے۔ ڈاکوئوں کی فائرنگ سے تین افراد کے قتل کے واقعہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف، آئی جی پنجاب رائو سردار علی کا سخت نوٹس، آرپی او بہالپور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے۔ بعد ازاں ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور صادق علی ڈوگر بھی بستی خیر محمد درگھ پہنچے، متاثرہ خاندان کے افراد سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وفاقی وزیر صنعت و تجارت مرتضیٰ محمود، عثمان محمود، مخدوم سید علی محمود کے ہمراہ بستی خیر محمد درگھ پہنچے، متاثرہ زمیندار ملک صفدر درگھ سے اظہار یکجہتی کیا۔ زخمی چوکیدار حلیم کی حالت ہسپتال میں تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
3 قتل