عید الاضحٰی پر کشمیر ،فلسطین،بھارت کے مظلوم مسلمانوں کو  یاد رکھیں:دردانہ صدیقیq

Jul 10, 2022

بہاول پور(نامہ نگار  )حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی اور صدر پنجاب جنوبی تسنیم سرور نے عید الاضحیٰ کے پر مسرت موقع پر پوری امت مسلمہ کو بالعموم اور پاکستانی قوم کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ ایک مذہبی تہوار ہے لیکن دراصل اس جذبہ قربانی و ایثار کا نام ہے جس نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو بیٹے کی گردن پر چھری رکھنے پر مجبور کر دیا۔ اللہ تعالی ہم سب کی قربانیاں قبول فرمائے۔اس فریضہ کی اصل روح جانور کی قربانی میں نہیں بلکہ اللہ کی ہمہ وقتی  اطاعت اور تسلیم و رضا میں پوشیدہ ہے۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہمیں چاہیئے کہ ہم عید الضحی پر کشمیر،فلسطین،شام، بھارت کے  مظلوم مسلمانوں کی دین کی سربلندی کیلئے قربانیوں کو یاد رکھیں اور مظلوم مسلمانوں کو دعاؤں میں شامل رکھیں -انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کا پیغام یہی ہے کہ مسلمان کی زندگیاں اللہ کی رضا کے حصول کے لئے مخصوص رہیں۔ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کو سامنے رکھتے ہوئے دین کی خاطر تکالیف کو صبر و ہمت سے برداشت کریں اور عزم و استقلال کا دامن نہ چھوڑیں۔

مزیدخبریں