مقامی اسمبل موبائل فونز نے پاکستان میں خریداروں کا اعتماد بحال کیا،الماس حیدر

لاہور(کامرس رپورٹر )انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر الماس حیدر نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار ایک سال میں پاکستان میں سمارٹ اور فیچر موبائل فونز کو 5 کروڑ سے زائد ریکارڈ تعداد میں اسمبل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ زیر جائزہ مدت کے دوران 22  ملین سمارٹ موبائل فونز اسمبل کیے گئے، جن میں سے اب تک 99  فیصد مارکیٹوں میں فروخت ہو چکے جبکہ 28  ملین فیچرڈ موبائل فونز کو اسمبل کیا گیا جن میں سے 97  فیصد خریدے جا چکے ہیں۔ اسمبلرز نے  1.12 ملین ڈالر  مالیت کے موبائل فون پارٹس پاکستان میں درآمد کیے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 31  مقامی اور غیر ملکی موبائل فون کمپنیوں کو لائسنس دیئے گئے جن میں سے 21  آپریشنل ہیں جبکہ نوکیا سمیت باقی کمپنیاں پلانٹس لگانے کے عمل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران صرف ایک غیر ملکی کمپنی نے 3.8 ملین فیچر فون درآمد کیے، اب وہ بھی پاکستان میں پلانٹ لگانے جا رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ الٹرا ماڈر ٹیکنالوجی سے لیس مقامی طور پر اسمبل کیے گئے بہترین سمارٹ اور فیچرڈ موبائل فونز نے پاکستان میں خریداروں کا اعتماد بحال کیا جو غیر ملکی اسمبلڈ موبائلز کے مقابلے میں بہت سستے  اور مارکیٹ میں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو جاتے ہیں۔ یہ پاکستان میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی گڈ گورننس اور شفاف پالیسی کی عکاسی ہے۔

ای پیپر دی نیشن