رحیم یار خان(بیورورپورٹ )ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال خانپور کا دورہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر الماس صبیح اور ایم ایس ڈاکٹر خان وزیر کے ہمراہ انہوں نے تحصیل ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کی فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو معیاری اور مفت علاج فراہم کرنے کے لئے سرکاری ہسپتالوں میں وسائل فراہم کر رہی ہے تاکہ مریضوں کو علاقائی سطح پر علاج معالجہ کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔انہوں نے تحصیل ہسپتال کے زیر تعمیر شعبوں کا بھی جائزہ لیا ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے تحصیل خانپور کے دورہ پر محکمہ صحت کی انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا فیلڈ میں جائزہ لیا۔انہوں نے مقامی قبرستان میں محکمہ صحت کی اینٹی ڈینگی ٹیموں کی لاروا تلاش کرنے اور اے وی آئی ٹریپ کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا۔ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے عوامی شکایات پر سیوریج و بارش کے پانی سے متاثرتحصیل خانپور کے کئی علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے پاکستان کالونی، غریب آباد نز د ریلوے لائن و دیگر ملحقہ آبادیوں کے مکینوں کو سیوریج سے متعلقہ درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔