لاہور(سپورٹس رپورٹر) آل پاکستان نیشنل رینکنگ بیڈمنٹن چیمپئن شپ خیبر پی کے کے مراد علی نے جیت لی۔ مینز سنگلز فائنل میں مراد علی نے واپڈا کے عرفان سعید کو شکست دی جبکہ ویمنز سنگلز فائنل میں واپڈا کی ماہور شہزاد نے واپڈا ہی کی غزالہ صدیق کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ مقابلے بہاولپور گیریژن سپورٹس کلب میں ہوئے، 119 مرد اور 45 خواتین کھلاڑیوں سمیت 12محکموں اور تمام صوبوں کی ٹیمیں شامل تھیں۔ مینز ڈبلز فائنل میں پاک فوج کے راجہ محمد حسنین اور واپڈا کے راجہ ذوالقرنین حیدر نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ابوذر رشید اور یاسر علی کو شکست دی۔
ویمنز ڈبل کا فائنل ماہور شہزاد اور غزالہ صدیق اور سندھ بیڈمنٹن ٹیم کی عمارہ اشتیاق اور روشین اعجاز کے درمیان ہوا، جسے ماہور شہزاد اور غزالہ صدیق نے اپنے نام کرلیا۔
ایونٹ کا مقصد گراس روٹ لیول پر بیڈمنٹن کے کھیل کو فروغ دینا تھا، چیمپئن شپ میں پہلی بار 15 لاکھ روپے کا سب سے بڑا نقد انعام دیا گیا ہے۔