لاہور: عیدِ قرباں کی مناسبت سے واہگہ بارڈر پر پاکستان رینجرز اور بھارتی سرحدی سیکیورٹی فورس کے مابین مٹھائی کا تبادلہ ہواہے۔دونوں ممالک کے آپس میں سفارتی تعلقات جس بھی نہج پر ہوں عیدین پر مٹھائی اور ہاتھ ملانے جیسے خیرسگالی کے عمل ضرور کیے جاتے ہیں۔پاکستان اور بھارت کے باہمی تعلقات میں ان دنوں تناؤ چل رہا ہے اس کے باوجود دونوں ملکوں کی سرحدی فورسز خیرسگالی کے طور پر قومی اور مذہبی تہواروں پر ایک دوسرے کو مٹھائی کا تحفہ دیتی اور خیرسگالی کا اظہار کرتی ہیں۔واہگہ بارڈر کے علاوہ دیگر بارڈرز پر بھی اس رسم کو بخوبی ادا کیا جاتا ہے۔