اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج مقدمات میں بیان ریکارڈ کروا دیا۔ چیئرمین تحریک انصاف ڈی آئی جی آفس میں پولیس کے سامنے پیش ہوئے اور انہوں نے دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج مقدمات میں بیان ریکارڈ کروایا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد پولیس کے مقدمات سے متعلق سوالات کے جوابات دیئے۔ وکلا کی ٹیم بھی چیئرمین پی ٹی آئی کے ہمراہ ڈی آئی جی اسلام آباد آفس میں موجود رہی۔ چیئرمین تحریک انصاف ڈی آئی جی آفس سے بنی گالہ روانہ ہوگئے۔ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اتوار کے روز جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی سی پی او آپریشنز سید شہزاد ندیم بخاری کے دفتر میں پہنچے جہاں وہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے۔ ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر اور جے آئی ٹی کے دیگر ارکان نے ان سے تفتیش کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی اڑھائی گھنٹے تک جی الیون میں واقع سی پی او آپریشنز کے دفتر میں موجود رہے۔ چیئرمن پی ٹی آئی کو جے آئی ٹی نے 12 مقدمات میں طلب کیا تھا۔ پانچ مقدمات میں چئیرمن پی ٹی آئی تا حال شامل تفتیش نہیں ہوئے۔