اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ، تحریک پاکستان میں کلیدی اور فیصلہ کن کردار ادا کرنے والی مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 56ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔مادر ملت فاطمہ جناح 31 جولائی 1893ءکو کراچی میں پیدا ہوئیں، تحریک آزادی میں ان کے اہم کردار کے باعث وہ مادر ملت کہلائیں، محترمہ فاطمہ جناح قائد اعظم محمد علی جناح کی سب سے چھوٹی اور لاڈلی بہن تھیں۔انہوں نے 1919ء میں کلکتہ یونیورسٹی سے ڈینٹل سرجری کا امتحان پاس کیا اور ابتدا میں ممبئی میں بطور ڈینٹل سرجن خدمات انجام دیتی رہیں، 1929ءمیں قائد اعظم کی اہلیہ کے انتقال کے بعد محترمہ فاطمہ جناح نے عملی سیاست میں اپنا کردار ادا کرنا شروع کیا۔محترمہ فاطمہ جناح نے قائد اعظم کے شانہ بشانہ ہر قدم پر تحریک پاکستان کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، بر صغیر کی مسلمان خواتین کی رہنمائی کیلئے انہوں نے اپنے دن رات وقف کیے اور انہیں جدوجہد آزادی کیلئے متحرک کیا، قیام پاکستان کے بعد انہوں نے ویمنز ریلیف کمیٹی تشکیل دی جو بعد میں آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی بنیاد بنی۔60 کی دہائی میں ایک بار پھر سیاسی منظر نامے پر ابھریں اور 1960ء سے 1967ءتک اپوزیشن لیڈر رہیں، انہوں نے 1965ءمیں ملٹری ایڈمنسٹریٹر ایوب خان کے خلاف الیکشن بھی لڑا اور بڑے پیمانے پر عوامی حمایت حاصل کی مگروہ الیکٹورل کالج کے ذریعے ہونے والی ووٹنگ میں کامیاب نہ ہو سکیں، اس دوران فاطمہ جناح کی ذات کو کئی بار متنازع بنانے کی کوششیں کی گئیں۔مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو ان کی سول خدمات اور تحریک پاکستان میں ان کے اہم اور متحرک کردار کے باعث نیشنل ہیرو کا درجہ حاصل ہے۔
مادر ملت برسی