سیالکوٹ‘ ڈسکہ (نامہ نگاران/ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جتنے عوامی فلاحی اور ترقیاتی کام مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں ہوئے وہ آج تک کوئی سیاسی پارٹی نہیں کروا سکی۔ پاکستان کے عوام بہت باشعور ہیں۔ انتخابات میں عوام نااہلوں کے اب دوبارہ جھانسے میں نہیں آئیں گے اور کسی پراپیگنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے۔ پاکستان میں انتخابی میدان صرف جمہوری اور محب وطن پارٹیوں کے درمیان ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جو بارودی سرنگیں بچھا کر گئے تھے انہیں صاف کرنے میں حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔ انشاءاللہ آنے والے دنوں میں ملک و قوم کو ریلیف محسوس ہو گا۔ سابقہ حکومت کے غلط فیصلوں کا خمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے۔ 9مئی ملکی تاریخ کا سیاہ دن تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے غلط سیاسی فیصلوں کی وجہ سے اس کی حکومت گئی۔ خواجہ محمد آصف نے مرحوم سابق ایم پی اے محمد اشفاق وائیں کے گھر جاکر ان کی ہمشیرہ سابق ایم پی اے شبینہ وائیں کے ساتھ تعزیت کی۔ دریں اثناءسیالکوٹ کی یونین کونسل نیکاپورہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے نہایت ہی مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، پی ٹی آئی نے ملک کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا، ہمارے پاس چوائس تھی کی فوری طور پر اسمبلیاں تحلیل کر دیتے لیکن ایسا کرنے سے معیشت مزید تباہ ہوجاتی ۔ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہون سے بچایا۔ ہم پرعزم ہیں بہت جلد ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے غلط سیاسی فیصلوں کی وجہ سے ان کی حکومت گئی، اس شخص نے اتنی غلطیاں کیں جس کے ڈپریشن میں اس نے 9 مئی کا پلان بنایا، 9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ دن تھا، اس نے ریاست کو للکارا، دیکھیں تو سہی اس کے اہداف کیا تھے، اس نے دشمنوں کی طرح کردار ادا کیا، اس شخص نے دفاع کے ضامن ادارے کو للکارا۔ آج آئی ایم ایف والے بھی سوچتے ہونگے کہ جن سے ہم میٹنگ کر رہے ہیں‘ ان میں پی ٹی آئی کے مفرور اور اشتہاری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کی تیاری کا تقریباً آغاز ہو چکا ہے۔