عمران آرمی چیف کیخلاف مذموم مہم میں مصروف ، وزیراعظم 

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی،اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی مہم چلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ آرمی چیف اور فوج کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے اتوار کوجاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی مہم چلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ 9 مئی کے یوم سیاہ کے لئے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی، 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ آرمی چیف اور فوج کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ شہدا کے خلاف غلیظ میڈیا مہم چلانے والوں کی نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے، قوم اس گھناونی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی۔ وزیراعظم نے کہاکہ مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے، ان شااللہ قوم اپنی فوج اور اس کے سربراہ کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اورسیاسی جماعتیں مسلح افواج کے وقار، عزت اور سالمیت کومجروح کرنے کی کسی بھی سازش کو ناکام بنائیں گی، عمران خان کی دھمکیوں، تشدد اور نفرت کی سیاست کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ اتوار کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان آرمی چیف جنرل عاصم منیرکے خلاف مسلسل مذموم، نفرت انگیز، عناد اور بدنیتی پرمبنی مہم میں مصروف ہیں۔ پراکسیوں کا استعمال کرکے آرمی چیف کو قاتلانہ حملے کی دھمکی دینے کی اس کی چال بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ریاستی علامتوں پر منظم طریقہ کار سے منصوبہ بند حملے کے ناکامی کے بعد واضح ہوچکاہے کہ وہ اقتدارمیں واپس آنے کیلئے بے چین ہے ، انہیں علم نہیں کہ دھمکیوں، تشدد اور نفرت کی سیاست کا وقت ختم ہوچکاہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ اس طرح کی مضحکہ خیز حرکات کے ذریعے وہ صرف اپنے آپ کو بے نقاب کر رہا ہے اوران کا بنیادی مقصد ذاتی مفاد کیلئے سب کچھ داﺅ پرلگا کر اقتدار پر قبضہ ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے عوام اور سیاسی جماعتیں آرمی چیف اور مسلح افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہیں، پاکستان کے عوام اور سیاسی جماعتیں مسلح افواج کے وقار، عزت اورسالمیت کومجروح کرنے کی کسی بھی سازش کاناکام بنائیں گی۔علاوہ ازیںوزیراعظم محمد شہباز شریف نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو 56 ویں یوم وفات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ مادر ملت پیرانہ سالی کے باوجود آمریت کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوئیں ، عوام ، جمہوریت اور ملک کے لئے تاریخی کردار ادا کیا۔ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے 56 ویں یوم وفات پر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ محترمہ فاطمہ جناح ایک عظیم بھائی کی عظیم بہن تھیں، فاطمہ جناح قوم کے لئے ماں کا درجہ رکھتی ہیں، قوم پر ان کے بہت احسانات ہیں۔جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ پروفیسر وارث میر جبر کے سامنے کلمہ حق کہنے والے محب وطن شخص تھے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے اتوارکوجاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ممتاز صحافی، استاد اور دانشور پروفیسر وارث میر کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ جبر کے سامنے کلمہ حق کہنے والے محب وطن شخص تھے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پروفیسر وارث میر سچ لکھنے والے قلم اور حق گوئی کے وارث تھے، ان کی حق گوئی کی روایت ان کے بہادر بیٹے آگے بڑھا رہے ہیں۔علاوہ ازیں:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جہلم میں گیس سلنڈر پھٹنے سے عمارت گرنے کے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم نے واقعہ میں جانبحق ہونے والے افراد کیلئے مغفرت اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعاکی۔آخر میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے علی پور چٹھہ میں آئل ریفائنری میں آگ لگنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے عوام اور ریفائنری کے عملے کی حفاظت کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے اتوارکو جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو فوری اور موثر اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعظم نے آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...