فیروز والہ(نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن سابق پنجاب اسمبلی علی اصغر منڈا نے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا کا کوئی بھی عمل اظہار رائے کی آزادی نہیں ہے۔ سویڈن میں قرآن پاک کو جلایا جانا مسلمانوں کو اشتعال دلانے کی سازش ہے جس سے مسلم امہ کے مذہبی جذبات شدیدمجروح ہوئے ہیں۔ عالمی امن کے ٹھیکیداروں کی اس پر خاموشی ناقابل قبول ہے۔ اقوام متحدہ فوری اپنا کردارادا کرے اورسویڈن حکومت کا کڑا مواخذہ کیا جائے جس کی ناک تلے ایسے دلخراش واقعات آئے روز رونما ہورہے ہیں۔ قرآن پاک کی بے حرمتی ناقابل قبول گستاخانہ عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ آزادی اظہار رائے کے نام پر کسی بھی عقیدے کی مقدس کتاب کی بے حرمتی قابل قبول نہیں۔ آزادی اظہار رائے کے نام پر کسی بھی عقیدے کے مقدسات کی توہین کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ عظیم تر بھلائی، مذہبی حساسیت، بھائی چارے کیلئے عالمی سطح پر ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ اقوام عالم کو مل کر پائیدار امن کے قیام کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے۔مسلم امت سویڈن کی اشیاءکا بائیکاٹ کرے۔ عالمی میں عدالت میں مقدمہ درج کیا جائے ۔