کچے کے ڈاکوئوں کی بڑھتی سرگرمیاں  اور حکومتی رٹ

د وصوبوں کی پولیس سے بے خوف کچے کے ڈاکووئوں نے تاوان نہ دینے پر 3مغوی قتل کردیے۔ سستی کار خریدنے کے لیے اوباڑو پہنچنے والے راولپنڈی کے ٹیکسی ڈرائیور ارشد محمود کو کچے کے ڈاکووئوں نے قتل کردیا۔ ڈاکووئوں نے ٹیکسی ڈرائیور کو اغوا کرکے کچے میں رکھا اور اس کی بہن کو فون کرکے 2 کروڑ روپے تاوان مانگا لیکن تاوان نہ دیے جانے پر اسے قتل کردیا۔ مقتول ٹیکسی ڈرائیور ارشد محمود کی لاش ملی تو اسے کتوں نے بھنبھوڑا ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق، 2 ہفتوں کے دوران ڈاکو تاوان نہ دینے پر تین مغوی شہریوں کو قتل کرچکے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کا کہنا ہے کہ کچے کے ایریا کو کنٹرول کرنے اور ڈاکووئوں کی سرکوبی کے لیے سندھ پولیس سے مستقل رابطے میں رہتے ہیں۔ یہ امر انتہائی تعجب خیز ہے کہ دو صوبوں سندھ اور پنجاب کی پولیس مل کر بھی کچے کے ڈاکوئوں کا خاتمہ نہیں کر سکی۔ اپریل 2023ء میں پنجاب اور سندھ پولیس کی بھاری نفری نے کچے میں گرینڈ اپریشن کیا۔ ان کے بقول، ڈاکوئوں کے خلاف انھیں اس لیے کامیابی حاصل نہیں ہو سکی کہ پولیس کے مقابلے میں ڈاکو جدید اسلحہ سے لیس ہیں جن کا مقابلہ کرنا ممکن نہیں۔ طرفہ تماشا یہ ہے کہ پولیس کو تمام سہولیات دینے کے باوجود ملک سے جرائم کا خاتمہ نہیں ہو پارہا۔ کچے کے علاقے میں ڈاکو راج ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے کے مترادف ہے جو حکومتی رٹ کے لیے بھی بڑا چیلنج ہے۔ یہ ڈاکو اغوائ، قتل اور تاوان جیسے جرائم میں ملوث ہیں جس سے اردگرد کے لوگوں کی زندگیاں بھی خطرے میں ہیں۔ گرینڈ آپریشن کی ناکامی کے بعد ڈاکوئوں کی بڑھتی سرگرمیاں پنجاب اور سندھ حکومتوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس سے بادی النظر میں اس تاثر کو بھی تقویت مل رہی ہے کہ ان ڈاکوئوں کو بااثر لوگوں کی سرپرستی حاصل ہے ورنہ کوئی وجہ نہیں تھی کہ پنجاب اور سندھ کی پولیس کو گرینڈ آپریشن میں کامیاب نہ ہوتی۔ اگر ان ڈاکوئوں پر فوری قابو نہیں پایا گیا تو ملک دشمن عناصر جو اس ملک کی سلامتی کے پہلے ہی درپے ہیں اور جنھیں ہمارے دشمن کی سرپرستی حاصل ہے، انھیں بھی حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے کا موقع ملے گا۔ اگر پنجاب اور سندھ پولیس ان ڈاکوئوں کا صفایا کرنے میں ناکام ہو چکی ہے تو حکومت کو فوج اور رینجرز کی مدد حاصل کرنی چاہیے۔ اگر تاخیر کی گئی تو ڈاکو مزید منظم ہو سکتے ہیں اور ان کی دہشت گرد کارروائیوں سے کوئی شہری محفوظ نہیں رہ سکے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن