پاکستان میںترشاوہ پھل رقبہ و پیداوار کے لحاظ سے پھلوں میں دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آتے ہیں: ماہرین

Jul 10, 2023

فیصل آباد (آئی این پی  ) پاکستان میں ترشاوہ پھل رقبہ و پیداوار کے لحاظ سے پھلوں میں دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آتے ہیں۔ ان پھلوں کا 95فیصد حصہ صوبہ پنجاب کے مختلف علاقہ جات سرگودھا، منڈی بہاوالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاول پور، رحیم یار خان، لیہ اور ڈیرہ غازی خان پر مشتمل ہے۔ ترشاوہ پھلوں میں سب سے زیادہ کاشت کنو کی ہے اور برآمدی حوالہ سے کنو کی مانگ میںروز بروز مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ابھرتے ہوئے نئے تجارتی مواقعوں کے تناظر میں ترشاوہ پھلوں کو برداشت کے مرحلہ تک بہتر پیداوار کی صورت میں پہنچانا بہت ضروری ہے تاکہ کنو جیسے اہم پھل کو زیادہ سے زیادہ بر آمد کرکے زرمبادلہ میں قابل قدر اضافہ کیا جا سکے۔اب جبکہ ترشاوہ پھل اپنی نشو و نما کے ابتدائی مراحل سے گزر رہے ہیں اوراس وقت درجہ حرارت ترشاوہ پھل پیدا کیے جانے والے علاقوں میں 40ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔لہذا اس نازک موقع پر ترشاوہ پھلوں کو موسموں کے تغیرو تبدل کے مضر اثرات سے بچا نا بہت ضروری ہے۔ زرعی فیچر سروس، نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کے ماہرین کاکہناہے کہ ترشاوہ پھل 40ڈگری سینٹی گریڈ تک کا درجہ حرارت برداشت کر لیتے ہیں مگر جب درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ جائے جیسا کہ مشاہد ہ میں آیا ہے کہ جون اور جولائی کے مہینوں میں درجہ حرارت 48ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی پہنچ جاتا ہے ایسی صورت میں ترشاوہ پھلوں کے پتے اپنا طویل پھیلائو برقرار نہیں رکھ سکتے اور زردی مائل ہو جاتے ہیں۔

مزیدخبریں