ای ڈی ایف کیساتھ جڑے اداروں کیساتھ مشاورت کا عمل بڑھایا جائے: اعجاز الرحمان

لاہور ( کامرس رپورٹر)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے قائم کیے گئے اداروں میں جاری تربیتی پروگراموں کو عصری تقاضوں کے مطابق مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ برآمدات کے فروغ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان پروگرام کو صنعت دوست بنانے کیلئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بیسڈ ہونا چاہیے۔ ہنرمندوں کو جدید یت اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کر کے عالمی منڈیوں میں بہترین برآمدی مصنوعات سپلائی کی جا سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے تربیتی پروگراموں سے استفادہ کرنے والوں سے ملاقات میںگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اعجاز الرحمان نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کا مقصد پاکستان میں برآمدی خدمات ، برآمدی مصنوعات کے مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنا ہے تاکہ برآمدی شعبے کی کارکردگی کو بڑھایا جا سکے۔یہ باعث اطمینان ہے کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے مخصوص مقاصد اور اہداف کے ساتھ اہم برآمدی شعبوں کی مدد کیلئے پورے پاکستان میں قائم کئے گئے ادارے بہترین نتائج دے رہے ہیں۔ درخواست ہے کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ جڑے اداروں کے ساتھ مشاورت کا عمل بڑھایا جائے اور تربیتی پروگراموں کو عصر حاضر کے مطابق مزید بہتر اور صنعت دوست بنانے کیلئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بیسڈ مرتب کیا جائے جس سے ہماری برآمدی صنعتوں کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور معیار بہتر ہونے سے برآمدات کے حجم میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ تربیتی اداروں کے مطلوبہ اہداف کے حصول میں معاونت فراہم کیلئے اپنے موثر کردار ادا کرتا رہے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن