لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت خواتین سکلز کیمپ کا پہلا مرحلہ اتوار کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اختتام کو پہنچا۔ پانچ روزہ کیمپ میں لاہور اس کے قریبی علاقوں کی بیس کرکٹرز نے حصہ لیا۔کیمپ نے ان تمام کھلاڑیوں کو اپنی مہارت اور فٹنس میں اضافے کا بہترین موقع فراہم کیا۔ کھلاڑیوں کو اپنی تیکنیک میں بہتری لانے کا بھی موقع ملا۔اس کیمپ کی نگرانی پاکستان ویمنز ٹیم کے سپورٹ سٹاف نے کی جس کے سربراہ ہیڈ کوچ مارک کولز ہیں۔کیمپ کے دوران تمام کھلاڑیوں کو کوچنگ سٹاف کی طرف سے کھیل کے تینوں شعبوں کی ٹریننگ کے علاوہ گیم کی حکمت عملی کے بارے میں اہم باتیں بتائی گئیں۔ہیڈکوچ مارک کولز نے کیمپ میں ان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا اور کہا کہ ان کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ اور ان میں کھیل کی لگن دیکھ کر وہ بہت متاثر ہوئے ہیں۔ کھلاڑیوں نے صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ ان کی محنت اور لگن سلیکٹرز اور کوچنگ سٹاف کیلئے مستقبل کا ٹیلنٹ سامنے لانے میں مدد گار ثابت ہوگی۔اٹھارہ سالہ شوال ذوالفقارنے کہاکہ اس کیمپ سے انہیں اپنی فٹنس اور مہارت میں بہتری لانے میں مدد ملی ہے۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تمام سہولتیں بہترین تھیں جن سے ہمیں اپنی ٹریننگ میں بڑی مدد ملی۔ سینئر کھلاڑیوں کیساتھ ٹریننگ کا تجربہ بہت اچھا رہا جس سے ہمیں انٹرنیشنل لیول پر کھیل کی ضروریات کو سمجھنے میں مدد ملی۔وہ ایج گروپ لیول پر پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں اور اب وہ اپنی محنت سے مستقبل میں قومی ٹیم کی نمائندگی پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ پاکستان ویمنز کرکٹرز کے سکلز کیمپ کا دوسرا مرحلہ 13سے 17 جولائی تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں ہوگا۔اس مرحلے میں بھی 20 کرکٹرز حصہ لیں گی جن میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار بھی شامل ہیں جو لاہور کے پہلے مرحلے میں بھی موجود تھیں۔کراچی کے کیمپ میں شامل بیس کرکٹرز یہ ہیں۔ انوشے ناصر‘ عروب شاہ‘ایمان فاطمہ‘ فاطمہ ثنا‘ گل رخ‘حمنہ بلال‘ حورینہ سجاد‘ خدیجہ چشتی‘ لبنی بہرام‘ ماہم طارق‘ معصومہ زہرا‘ ماہم منظور‘ منیبہ علی صدیقی‘ نجیہہ علوی‘ ندا ڈار‘ عمیمہ سہیل‘ رامین شمیم‘ صائمہ ملک‘ یسریٰ عامراور زیب النسا۔ کوچنگ سٹاف میں مارک کولز ( ہیڈ کوچ )‘ توفیق عمر ( بیٹنگ کوچ ) سلیم جعفر ( بائولنگ کوچ )‘ محتشم رشید ( فیلڈنگ کوچ )‘ڈاکٹر رابعہ صدیق ( فزیو تھراپسٹ )۔