لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو بطور بیٹر سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کھلانے کی تجویز زیر غور ہے۔کپتان بابر اعظم کی قیادت میں 16 ارکان پر مشتمل کرکٹ ٹیم سری لنکا میں موجود ہے جہاں اسے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 میچ کھیلنے ہیں ۔سرفراز احمد کی سکواڈ میں شمولیت کے بعد بطور وکٹ کیپر ٹیم میں جگہ حاصل کرنا مشکل دکھائی دے رہا ہے اور اطلاعات ہیں کہ نائب کپتان محمد رضوان کو بطور سپیشلسٹ بیٹر گال ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔محمد رضوان نے 27 ٹیسٹ کی 43 اننگز میں 38.13 کی اوسط سے 1373 رنز 2 سنچریوں اور 7 نصف سنچریوں کی مدد سے سکور کر رکھے ہیں۔نیوزی لینڈ کیخلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے 4 اننگز میں 3 نصف سنچریوں اور ایک سنچری بنا کر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔اس پرفارمنس پر کپتان بابر اعظم سر ی لنکا روانگی سے پہلے کہہ چکے ہیں کہ سرفراز احمد بطور وکٹ کیپر ان کی پہلی چوائس ہوں گے۔
محمد رضوان کو سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں بطور بیٹر کھلانے پر غور
Jul 10, 2023