فاسٹ بائولر احسان عادل ‘ آل راؤنڈر حماد اعظم نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بائولر احسان عادل اور آل راؤنڈر حماد اعظم کی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کرکٹرز کو ان کی کرکٹ میں خدمات پر مبارک باد دیتے ہوئے مستقبل میں ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔احسان عادل نے فروری 2013ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اس کے بعد وہ مزید 2 ٹیسٹ میچز کھیلے۔ انہوں نے 3 ٹیسٹ میچوں میں 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔احسان عادل نے انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے سے قبل 2012ء میں آسٹریلیا میں منعقدہ آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔انہوں نے مارچ 2012 سے اکتوبر 2021 تک اپنے کیریئر میں 67 فرسٹ کلاس میچوں میں 245 وکٹیں حاصل کیں۔ 67 لسٹ اے ون ڈے میچوں میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 98 رہی جبکہ68 ٹی ٹونٹی میچوں میں وہ86 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔آل راؤنڈر حماد اعظم نے 2011 ء سے 2015 ء تک کے عرصے میں 11 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جن میں 80 رنز بنانے کے علاوہ دو وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ 5 ٹی ٹونٹی میچوں میں وہ 34 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے۔حماد اعظم نے 2010ء میں نیوزی لینڈ میں منعقدہ آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔دسمبر 2008 ء سے جون 2021 ء تک اپنے ڈومیسٹک کیریئر میں حماد اعظم نے 107 فرسٹ کلاس میچوں میں 4953 رنز بنائے اور 186 وکٹیں حاصل کیں۔ 114 لسٹ اے ون ڈے میچوں میں2362 رنز سکور کرنے کے علاوہ91 وکٹیں حاصل کیں جبکہ98 ٹی ٹونٹی میچوں میں وہ1361 رنز بنانے کیساتھ 75 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن