لاہور+اسلام آباد (خبرنگار) پرائم منسٹرزیوتھ پروگرام کے تحت فیڈرل ہاکی پراونشل لیگ اختتام پذیر ہوگئی فائنل میچ میںاسلام آباد کی ٹیم نے مظفرآباد کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر پہلی پوزیشن اپنے نام کی جبکہ سکردو کی ٹیم تیسرے نمبرپررہی۔ لیگ میں اسلام آباد میرپور مظفرآبادسکردواور گلگت کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس لیگ سے قبل فیڈرل ریجن کے ہاکی کیٹرائلز کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں لڑکوں اورلڑکیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہاکی کی پراونشل لیگ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی بریگیڈیئرریٹاڑڈ احمد سلمان، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجزاسلام آباد تھے۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ وزیراعظم کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمارے ادارے کو ہاکی کے ٹرائلزاورپراونشل لیگ منعقد کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ انھوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ اسی جوش و جذبے کیساتھ ہاکی کی پریکٹس جاری رکھیں تاکہ وہ نیشنل لیگ میں اچھا کھیل دکھا سکیں۔یادرہے فیڈرل ریجن کی پراونشل لیگ پرائم منسٹرزیوتھ پروگرام کے تحت ہائیرایجوکیشن کمیشن جامعات کے اشتراک سے منعقد کروا رہا ہے۔ان لیگز کے انعقاد کے بعد اسلام آباد میں ہاکی کی نیشنل لیگ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ہر ریجن کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل دو ٹیمیں حصہ لیں گی۔