نوازشریف کی واپسی جلد ہوگی‘انتخابی مہم کی قیادت کرینگے: خرم دستگیر

Jul 10, 2023

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے تحریک انصاف کی ملک دشمن سیاست نے پاکستان کو شدید نقصان پہنچایا۔سابقہ نااہل و نالائق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ پوری قوم کو بھگتنا پڑا۔مسلم لیگ ن نے اپنی سیاست کی بجائے ریاست کو بچانے کیلئے قربانی دی۔مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کی وطن واپسی بہت جلد ہوگی۔ مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کی قیادت قائد عوام میاں نوازشریف کرینگے۔مسلم لیگ ن اور میاں نوازشریف کی سیاست ختم کرنے کے خواب دیکھنے والوں کی اپنی سیاست ختم ہوچکی ۔ نوازشریف کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں جنہوں نے ہمیشہ ملک و قوم کی بہتری، ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات کئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر سٹی صدر مسلم لیگ ن سلمان خالد پومی ، جمشید ایوب ، اخلاق بٹ ودیگر کیساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خرم دستگیر خان نے مزید کہا مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک میں ترقیاتی منصوبوں کا دوبارہ آغاز کردیا ہے۔عوام کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے حکومت عملی اقدامات کررہی ہے۔تحریک انصاف حکومت کی تباہی پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے انشا  اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک کی صف میں دوبارہ شامل ہوگا۔

مزیدخبریں