اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم کے رابطہ کار برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام لانے کیلئے پرعزم ہے۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے بعد 1.1 ارب ڈالرکی پہلی قسط پاکستان کومل جائے گی۔ سعودی عرب، یواے ای، دوست ممالک اور دوطرفہ وکثیرالجہتی شراکت داروں سے بھی پاکستان کی معاونت شروع ہو جائے گی جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید اضافہ ہوگا۔ آنے والے مہینوں میں مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی آئے گی۔ عمران خان نے 4 سال میں ملک کی معیشت اورگورننس کو آگ لگائی اور نظام کو کھوکھلا کرنے کی سازش کی۔ موجودہ حالات میں نوازشریف واحد شخصیت ہیں جو نہ صرف ملک کے اندر بلکہ باہر بھی وہ سیاسی قد کاٹھ، صلاحیت اور تجربہ رکھتے ہیں جو ملک کو موجودہ مشکل صورتحال سے نکال کر پائیدار اقتصادی نمو اور خوشحالی کے سفر پر گامزن کر سکتے ہیں۔ اتوار کو نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہاکہ عمران خان نے اب جی ایس پی پلس کے خلاف سازشیں شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جی ایس پی پلس ہمارے برآمدکنندگان کیلئے اہم ہے، اس کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت ہرممکن کوشش کررہی ہے۔ اگر موجودہ حکومت مشکل فیصلے نہ کرتی تو خدانخواستہ پاکستان کے حالات بدتر ہو سکتے تھے۔